سری نگر، 25 مئی: ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) کشمیر وجے کمار نے سری نگر میں جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پر امن اور کامیاب انعقاد پر سیکورٹی فورسز اور انٹلی ایجنسیوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔
بتادیں سری نگر میں پیر سے شروع ہونے والا یہ سہ روزہ اجلاس بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔
کشمیر زون پولیس نے جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘اے ڈی جی پی کشمیر شری وجے کمار جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، فوج، بی ایس ایف، ایس ایس بی، این ایس جی، ایم اے آر سی او ایس، این ڈی آر ایف اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے افسروں اور جوانوں کو جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پر امن اور کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کرتے ہیں’۔
یہ سہ روزہ اجلاس سری نگر میں 22 مئی کو شروع ہوا تھا اور اس اجلاس کے مندوبین جمعرات کی صبح دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والا سب سے برا بین الاقوامی سطح کا اجلاس ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے زائد از 70 مندوبین پیر کی صبح دہلی سے دو چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے سری نگر پہنچے تھے۔
وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہ روزہ اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سیکورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔
یو این آئی