فیاض احمد ڈار : ایک اَن پڑھ صوفی شاعر

فیاض احمد ڈار : ایک اَن پڑھ صوفی شاعر

شوکت ساحل

گاندر بل :وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل میں دریائے سند کے کنارے پر واقع وحید پورہ گاﺅں میں مقیم فیاض احمد ڈار ایک اَن پڑھ صوفی شاعر ہیں ،جن کاشعری مجموعہ ”سوز امارک “ شائع ہوچکا ہے ۔فیاض احمد ڈار پیشہ سے مزدور ہیں اور دریائے سند سے ریت ۔بجری نکالنااُن کا ذریعہ معاش ہے ۔

ایشین میل ملٹی میڈیا کے ہفتہ وار پروگرام ” بزم ِ عرفان “ میں معروف براڈ کاسٹر عبدالاحد فرہاد کیساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیاض احمد ڈار کہتے ہیں کہ غربت کی وجہ سے وہ تعلیم حاصل نہیں کرپائے اور والد صاحب کے کہنے پر ہی اُنہوں نے خاندانی پیشہ اختیار کیا ۔

ریڈ یو کشمیر پر کشمیری نغموں سے متاثر ہوکر فیاض احمد ڈار کے اندر ایک شاعرانہ روح نے جنم لیا ۔ ان کا کہناتھا کہ دریائے سند سے ریت ۔بجری نکالنے کے دوران اُن کے ساتھی نے کہا کہ آپ صوفیانہ شاعری کے لئے کسی روحانی شخصیت سے راہنمائی حاصل کریں اور اُن کے ہی کہنے پر انہوں نے شمالی ضلع بارہمولہ کے چھوٹے سے قصبہ ٹنگمرگ میں رہائش پذیر صوفی بزرگ محمد اکبر صاحب کی صحبت میں رہنے کو ترجیح دی ۔

 

ان کا کہناتھا کہ صوفی بزرگ محمد اکبر صاحب کی راہنمائی وہ برسوں تک رہے اور موصوف کے انتقال کے بعد وہ حضرت بل سرینگر کے معروف غلام نبی بزاز اور بشیر احمد سولری کی صحبت میں رہے ،جہاں انہوں نے صوفی شاعری کو پروان چڑھایا ۔

فیاض احمد نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے وادی کے معروف صوفی بزرگ احمد صاحب بٹواری ؒ سے بھی ملاقات کی ہے ۔فیاض احمد کہتے ہیں کہ چونکہ وہ اَن پڑھ تھے ،اس کے لئے اُن کے کلام کو قلمبند کرنے میں اُنکے بیٹے اعجاز احمد ڈار اور بھائی طارق احمد ڈار نے کلیدی رول ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ جب وہ کوئی شعر کہتے تھے ،تو وہ اپنے بیٹے اور بھائی سے رابطہ قائم کرتے تھے ،تاکہ شعر کو محفوظ کیا جاسکے ۔(”چھ صبرس منز سبزار ۔۔۔آﺅ نارس بنان گلزار “)

60سالہ صوفی شاعر فیاض احمد ڈار کہتے ہیں کہ جب رات میں اُنہیں کوئی شعر ذہن یا قلب پر دستک دیتا تھا تو وہ اپنے بیٹے کو بیدار کرکے شعر کو قلمبند کراتے تھے ۔یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے اور اب بھی وہ اپنا کلام کو قلمبند کرانے میں اپنے بیٹے اور بھائی کے ہی خدمات حاصل کرتے ہیں ۔

ان کا دعویٰ ہے کہ روحانی اور صوفیانہ صحبت میں رہنے کے دوران وہ ظاہری اورباطنی طور کئی کمالات سے روشناس ہوئے ہیں ،جن کو بیان نہیں کیا جاسکتا ہے ۔فیاض احمد ڈار کے پاس لوگ روحانی اور صوفیانہ شاعری کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے آتے ہیں ۔ موصوف کاشعری مجموعہ ”سوز امارک “ منظر عام پر آچکا ہے جبکہ دوسرا زیر ِ قلم ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.