جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
7.6 C
Srinagar

ایشین میل کے دیرینہ رکن عبدالمجید وانی بانہالی کا انتقال

آبائی علاقہ میں تجہیز و تدفین ادا،لوگوں کی بڑی تعداد نے کی نماز جنازہ میں شرکت

نیوز ڈیسک

بانہال/ایشین میل کے دیرینہ رکن اور بانہال کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت عبدالمجید وانی بانہالی گزشتہ شب یعنی جمعرات کو مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔ مرحوم کی تجہیز وتدفین جمعہ کو آبائی علاقہ کسکوٹ بانہال میں ادا کی گئی ۔
مرحوم کی نماز جنازہ جمعہ کی صبح 11بجکر15منٹ پر ادا کی گئی ، جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ادارہ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل کی قیادت میں ایک وفد سرینگر سے بانہال گیا ، جہاں اس نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ اس دوران ایشین میل کے مدیر اعلیٰ نے تعزیت کرنے والے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ذاتی طور آج بہت رنجیدہ ہے کیونکہ عبدالمجید بانہالی کےساتھ انکے تعلقات اور مراسم عرصہ دراز سے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے صحافت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیاجاسکتا۔

ادھر مختلف سیاسی وسماجی اور ادبی تنظیموں نے عبدالمجید وانی بانہالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے سماجی خدمات انجام دینے میں نمایاںاور ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عبدالمجید وانی بانہالی پسماندہ طبقوں کی آواز تھے اور انہوں نے نہ صرف بانہال کے عوام کی ترجمانی کی بلکہ وقت وقت پر جموں وکشمیر کے کمزور اور پسماندہ طبقوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عبدالمجید وانی بانہالی کے انتقال سے ایک سماجی خلا پیدا ہوگیا ہے ، جسے پُر کرنا انتہائی مشکل ہے ۔
اس دوران ادارہ ایشین میل اور مرکزِ فکروفن کے جملہ اراکین کا ایک مشترکہ تعزیتی اجلاس ایشین میل کے صدر دفتر واقع راجباغ سرینگر میں منعقد ہوا ، جس کی صدارت ادارہ ایشین میل کے مدیراعلیٰ رشید راہل نے کی جبکہ تعزیتی اجلاس میں ایشین میل کے جملہ اراکین جن میں منیجنگ ڈرائریکٹر محبوب جیلانی، ایگزیکٹیو ایڈیٹر شوکت ساحل ، نمائندہ خصوصی فردوس وانی ، ملٹی میڈیا ایڈیٹر امتیاز گلزار ، دیرینہ رکن محمد اشرف شاہ ، آن لائن ایڈیٹر نظہت مشتاق اور دفتر انچارج عصمت آراءنے شرکت کی ۔تعزیتی اجلاس میں مرکزِ فکروفن کے سبھی زعماوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی جبکہ مرحوم کے اہلخانہ اور دیگرجملہ سوگوواراں کیساتھ تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔ تعزیتی اجلاس کے دوران ایک قرار داد بھی منظور کی گئی جس میں مرحوم عبدالمجید وانی بانہالی کو شاندار الفاظ میںخراج عقیدت پیش کیاگیااور انکی صحافتی ، سماجی اور ادبی خدمات کو سراہا گیا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img