بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
8.7 C
Srinagar

راجوری آپریشن:ایک ملی ٹنٹ ہلاک ،دوسرا زخمی:فوج،بارہمولہ میں بھی جھڑپ کولگام کا ملی ٹنٹ ہلاک:پولیس

نیوزڈیسک

جموں وکشمیر کے پہاڑی وسرحدی ضلع راجوری میں گزشتہ کئی روز سے جاری ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران ہفتہ کی صبح ملی ٹنٹوں اور فوج وفورسز کے درمیان دوبارہ آمنا سامنا ہوا ،جس دوران طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں ایک ملی ٹنٹ ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا ۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع راجوری کے کیسری کنڈی علاقے میں جمعے کی صبح ساڑھے سات بجے شروع ہونے والی جھڑپ آخری اطلاع آنے تک جاری ہے۔

فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ راجوری آپریشن  میں ہفتہ کی صبح ایک ملی ٹنٹ ہلاک ہوا جبکہ ممکنہ طور پر دوسرا زخمی ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جائے جھڑپ سے اب تک ایک اے کے ۔56 رائفل ، چار میگزین ، 56 گولیاں ،9 ایم ایم پستول بشمول میگزین ،3 ہینڈ گرینیڈ اور دیگرگولی باردو ضبط کیا گیا ۔

ہلاک ہونے والے ملی ٹنٹ کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا جبکہ یہ آپریشن تاحال جاری ہے ۔

یاد رہے کہ اس علاقے میں گزشتہ روز ملی ٹنٹوں کی جانب سے کئے گئے آئی ای ڈی دھماکے میں 5 فوجی جوان ہلاک اور ایک فوجی افسر زخمی ہوا ۔ فوجی حکام کہتے ہیں کہ کیسری کنڈی پہاڑی علاقے میں ایک قدرتی غار میں چھپے یہ ملی ٹنٹ قریبی ضلع پونچھ میں 20اپریل کو ایک فوجی گاڑی پر کیے گئے حملے میں ملوث تھے۔ اس حملے میں جو پونچھ کے بھاٹا دھوریاں علاقے میں پیش آیا تھا پانچ  فوجی ہلاک ہوئے تھے اور ایک فوجی زخمی ہوا تھا۔

پونچھ اور راجوری میں بڑے پیمانے پر ملی ٹنٹ مخالف آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور راجوری میں احتیاطی اقدامات کے تحت انٹر نیٹ سروس منقطع کردی گئی ہے ۔

ادھر شمالی ضلع بارہمولہ میں  ہفتہ کی صبح ایک ملی ٹنٹ مخالف آپریشن میں ایک ملی ٹنٹ ہلاک ہوا۔پولیس کے ترجمان کے مطابق شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے کرہامہ کنزر علاقے میں ہفتہ کو علی الصبح ایک مسلح تصادم میں ایک ملی ٹنٹ ہلاک ہوا۔

انہوں نے کہا،جب فورسز مشتبہ مقام کی طرف پہنچیں، تو چھپے ہوئے ملی ٹنٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی، جس دوران انکائونٹر شروع ہوا۔

پولیس ترجمان نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ بارہمولہ میں مارے گئے ملی ٹنٹ کی شناخت عابد وانی ولد محمد رفیق وانی ساکنہ یار ہل بابا پورہ کولگام کے بطور ہوئی۔جموں و کشمیر میں گزشتہ 96 گھنٹوں میں یہ چوتھی  جھڑپ ہے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img