تولہ مولہ گاندر بل میں محفل ِ مشاعرہ کا انعقاد ایشین میل کمنیکیشنزاور مرکز فکر وفن نے کیا اہتمام ،معروف شعراءنے پیش کیا اپنا کلام

تولہ مولہ گاندر بل میں محفل ِ مشاعرہ کا انعقاد ایشین میل کمنیکیشنزاور مرکز فکر وفن نے کیا اہتمام ،معروف شعراءنے پیش کیا اپنا کلام

شوکت ساحل

گاندر بل : تولہ مولہ گاندر بل میں جمعرات کو ایک محفل ِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ،جس میں وادی کشمیر کے ایک درجن کے قریب شعراءنے اپنا کلام پیش کیا ۔اس ادبی تقریب کا اہتمام ایشین میل کمنیکیشنزاور مرکز فکر وفن نے باہمی اشتراک سے کیا ۔

یہ ادبی تقریب ومشاعرہ فقیر وشاعر عبد الحمید نجار المعروف عبدالحمید چھان کی صدارت میں منعقد ہوئی جبکہ وادی کشمیر کے معروف قلمکار ،ادیب وبراڈ کاسٹر عبدلا حد فرہاد نے مہمان خصوصی کے بطور اس تقریب میں شرکت کی اور ادارہ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل نے منتظم کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں ۔

یاد رہے کہ فقیر وشاعر عبد الحمید چھان اپنے راہنما فقیر رحیم صاحب لون ؒ کی یاد میں ہر برس ایک ادبی تقریب کا اہتمام کرتے ہیں ۔تاہم ادارہ ایشین میل کمنیکیشنزاور مرکز فکر وفن نے باہمی اشتراک سے اسی دن کے موقع پر صوفی مشاعرہ کا اہتمام کیا ۔جن شعرا ءنے اس مشاعرے میں اپنا کلام پیش کیا ،اُن میں حمید ناصر شوپینی، انجینئرشبنم بشیر حضرتبلی،منظور دمدار خانیاری،علی محمد گنائی تولہ مولی، عبدالحمید چھان اور معروف قلمکار ،ادیب وبراڈ کاسٹر عبدلا حد فرہاد اور رشید راہل شامل ہیں ۔

شعرا ءحضرات نے نعتیہ اور صوفیانہ کلام پیش کرکے حاضرین سے داد حاصل کی ۔تقریب میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر رشید راہل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کی ادبی تقاریب منعقد کر نے کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کی عطا کردہ تعلیمات سے روشناس کرانا ہے اور ادھورے مشن کو آگے بڑھا نا ہے۔ان کا کہناتھا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی ادبی سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوششیں کی جائیں گی اور ادارہ ایشین میل پُرعزم ہے ۔

معروف قلمکار ،ادیب وبراڈ کاسٹر عبدلا حد فرہاد نے خصوصی کلمات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی لالچ کے ادارہ ایشین میل اس طرح کے تقاریب کا اہتمام کرکے سماج ومعاشرے کے تئیں اپنی نا قابل فراموش خدمات انجام دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریب منعقد کرنا ایشین میل کے لئے باعث اعزاز ہے ،کیوں کہ نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کی عطا کر دہ تعلیمات سے آگاہ اور روشناس کرا نا ہے،صدقہ جاریہ کے مترادف ہے ۔

عبدلا حد فرہاد نے کہا کہ ادارہ ایشن میل نہ صرف ادبی تقاریب کا اہتمام کرتا ہے بلکہ اُن شعرا ءتک پہنچنے کی کوشش بھی کرتا ہے ،جو گمنامی کی بھول بھلائیوں میں زندگی گزار رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ کوشش آسان ہے ،لیکن شہر ودیہات میں گھوم پھر کرتلاش اور تحقیق کی بنیاد پر یہ خدمات انجام دینا واقعی قابل تعریف وتحسین عمل ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.