لیفٹیننٹ گورنر نے ملی ٹرسٹ دہلی کی طرف سے تیار کئے جانے والے کشمیر میڈیکل کالج اور سپر سپیشلٹی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا

لیفٹیننٹ گورنر نے ملی ٹرسٹ دہلی کی طرف سے تیار کئے جانے والے کشمیر میڈیکل کالج اور سپر سپیشلٹی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا

سری نگر:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اِنڈسٹریل اسٹیٹ سمپورہ میڈیسٹی سری نگر میں ملی ٹرسٹ دہلی کی طرف سے تیار کئے جانے والے کشمیر میڈیکل کالج اور سپر سپیشلٹی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سنگ بنیاد تقریب میں اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جموںوکشمیر یوٹی کے صحت شعبے میں نجی شعبے کی سب سے بڑی سرمایہ کاری میں سے ایک ہے جو کارکردگی اور دیکھ ریکھ کے معیار کو بہتر بنائے گا۔
اُنہوں نے کہا،” یہ جموں وکشمیر یوٹی میں نجی سرمایہ کاری کے لئے ایک نیا دور ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی جی کے جموں وکشمیر کو مینو فیکچرنگ اور سروس سیکٹر کے لئے سرمایہ کاری کا ایک اہم مقام بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔“
پروجیکٹ نوجوانوں کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے 525 کروڑ روپے کی لاگت سے 150 ایم بی بی ایس نشستوں کا میڈیکل کالج تیار کرے گا اور 100 بستروں والا ہسپتال سستی شرحوں پر عالمی معیار کی صحت سہولیات فراہم کرے گا۔یہ منصوبہ 2,000 مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم نے معاشی ترقی ، روزگار اور آمدنی کے حصول کی خاطر نجی شعبے کے لئے سازگار ماحول بنایا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ کاروبار کرنے میں آسانی اور زندگی میں آسانی کے لئے پُرعزم ہے۔
اُنہوں نے جموں وکشمیر یوٹی میں ترقی پذیر بنیادی ڈھانچے کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر یوٹی میں 1.25لاکھ کروڑ روپے مالیت کے سڑک اور شاہراہ کے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں اور ہم نے سرمایہ کاری کے لئے ضروری اِدارہ جاتی ڈھانچہ بھی تشکیل دیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کٹرہ سے دہلی تک کا سفر نئے کٹرہ۔دہلی ایکسپریس وے کی تکمیل سے 6 گھنٹے میں ممکن ہو سکے گا جبکہ کشمیر سے دہلی تک کا سفر صرف 9گھنٹے کا ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ دُنیا کا سب سے اونچا ریل پُل مکمل ہوچکا ہے جو اِس برس کے آخیر تک کشمیر سے کنیاکمار ی کے درمیان رابطہ فراہم کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ فضائی رابطے کے حوالے سے 2 مئی سے 126پروازیں چلائی جائیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر یوٹی صحت کے کئی پیرامیٹروں پر قومی اوسط سے بہت آگے ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے پاس دو ایمز ، 9میڈیکل کالج ہیں ۔جموں وکشمیرصحت سہولیات میں بھی سب سے آگے ہے۔جموںوکشمیر یوٹی میں ہر کنبہ آیوشمان صحت کے تحت آتا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم جموںوکشمیر کو طبی سیاحت کے لئے ایک اہم مقام میں تبدیل کرنے کی مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے جموں وکشمیر یوٹی کی بے مثال ترقی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ  جموں وکشمیر یوٹی کی تبدیلی اِس بات کی بہترین مثال ہے کہ جامع ترقی پر توجہ مرکوز کرنے والی اَچھی حکمرانی مختصر مدت میں کیا حاصل کرسکتی ہے۔
اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ملی ٹرسٹ کے چیئرمین شیخ فیاض احمد اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.