شوکت ساحل
سرینگراتوار کے روز موسم انتہائی خوشگوار تھا ،سورج کی کرنوں نے ڈل جھیل کے پانیوں کو سنہرا کردیاتھااور اس دلکش منظر کو یادوں کے قید خانوں میں قید کرنے کے لئے مقامی سیلانی اور سیاح کشتیوں میں سوار ہوکر خوب لطف اندوز ہورہے تھے ۔اس نظارے کے پہلو میں زبرون پہاڑی کے دامن اور بلیوارڈ روڑ پر واقع ’زبرون پارک ‘ کے اوپن ائیر تھیٹر نے پُرکیف فضاءکو اور زیادہ معطر کردیا تھا ۔یوم ِ عید ویسے بھی اہلیان کشمیر کے لئے خوشی اور غم کا ملن ہے ۔
ڈل جھیل کا خوبصور رت منظر
شہر ہ آفا ڈل جھیل ،کشمیر آنے والے سیاحوں کی پہلی پسند ہے ۔اتوار کے روز جہاں عید الفطر جسے عرف ِ عام میں چھوٹی عید کہا جاتا ہے ،کے دوسرے روزمقامی سیلانی بچوں کے ہمراہ دلفریب اور دلکش نظاروں میں غوطہ زن تھے ،وہیں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بھی کشمیر کے فطری نظاروں سے خوب لطف اندوز ہورہے تھے ۔گجرات سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی کے ایک ممبر مکیش اروڈا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایشین میل کو بتایا ’ہم کشمیر پہلی بار آئے ہیں ،سننا تھا کشمیر زمین پر جنت کا ٹکڑا ہے ،آج اس جنت کے دیدار کرکے واقعی کہہ سکتے ہیں یہ جنت ہے ‘۔ان کا کہناتھا ’قدرتی جھیل کا نظارہ ہمارے لئے اب تک کا سب اعلیٰ اور بہترین تجربہ ہے ،ہم الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے ،بس انتہا ہی کہہ سکتا ہوں کہ کشمیر ٹرپ پیسہ وصول ہے ‘۔
مقامی سیلانی عادل لطیف نے کہا ’آج عید ہے ،بچوں کی ضد کے سامنے سبھی ہار جاتے ہیں ،آج بچوں کیساتھ کشتی میں سوار ہو کر ڈل جھیل کی پرکیف فضا ءسے لطف اندوز ہونے کا جو احساس ہوا ،اُسے بیان ہی نہیں کرسکتا ،بچوں نے خوب انجوائی کیا،آج میں گھر زندگی کی بہترین یادوں کیساتھ جارہاہوں کیوں کہ بچوں کیساتھ عید منا نے کا جو لطف ہے ،وہ کسی اور چیز میں نہیں ‘
زبر ون پارک اور اوپن ائیر تھیٹر
زبرون پہاڑی کے دامن ،ڈل جھیل کے کنارے اور معروف بلیوارڈ روڑ پر واقع زبرون پارک اتوار کے روز الگ ہی سماں بیان کررہی تھی ۔یہاں زیادہ تر مقامی سیلانی ،جن میں من چلےاور فیملیز تھیں ،پارک کے کونے کونے سے لطف اندوز ہورہے تھے ۔محکمہ سیاحت نے اس پارک کو سیاحوں اور مقامی سیلانیوں کی دلچسپی کے لئے منفرد انداز میں’ڈیولپ‘ کیا ہے۔جہاں اس پار ک میں فیملیز خاص طور پر بچوںکوکھلے آسمان میں زبرون پہاڑی کی پرکیف فضاءسے لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا ہے ،وہیں گیم زون اور تصویری آرٹ گیلری الگ ہی منظر بیان کر تی ہے ۔
زبرون پارک میں اوپن ائیر تھیٹر مقامی سلانیوں اور سیاحوں کی تفریح کا بہترین ذریعہ ہے ۔سوپور سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی کی خاتون ممبر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم بچوں کیساتھ عید منانے کے لئے صبح سرینگر وارد ہوئے ،ڈل جھیل کی سیر کرنے کے بعد پارک میں جاننے کے لئے بچوں نے ضد کی۔ان کا کہناتھا کہ پارک میں داخل ہوتے ہی یہاں موسیقی کی دھن نے اپنی طرف مائل کیا ،یہ نوجوان فنکار چند لمحات کے لئے غم دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔
یہاں نوجوانوں کا ایک بیڈ کشمیری اور ہندی فلموں کے’ مکس نغمے‘ میں انداز میں گا کر سیلانیوں اور سیاحوں کو محظوط کررہا ہے ،جسے محکمہ سیاحت کی جانب سے مالی مدد کی جاتی ہے ۔ محکمہ سیاحت کے افسر نے زبرون پارک میں اوپن ائیر تھیٹر متعارف کرانے کے مقصد کے بارے میں بتایا کہ دوچیزیں ہیں ،ایک ہم اس سے شعبہ سیاحت کو فروغ دے رہے ہیں ،دوسرا یہ کہ اس وجہ سے مقامی فنکاروں کو پرفارمنس کرنے کا موقع بھی فراہم ہوتا ہے ۔
بینڈ کے گلوکار نے کہا کہ ہم یہاں ”پرفار م“ کرکے کشمیری کلچر کو جدید سانچے میں ڈھال کر فروغ دے رہے ہیں ،ہم کشمیری لوک سنگیت کو دنیا تک پہنچانے میں اپنا رول اور کردار ادا کر رہے ہیں ۔یہاں آنے والے مقامی سیاح کشمیری نغموں کی فرمائش کرتے ہیں اور ہم اُن کا ذریعہ تفریح بن کر اُن کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی کوشش کرتے ہیں ۔سیاحوں اور سیلانیوں کی جانب سے خوب حوصلہ افزائی ہورہی ہے ۔زبرون پارک میں چار سے پانچ فنکاروں کے گروپ نے اوپن ائیر تھیٹر میں پرفارم کرکے میٹھی عید کی خوشیوں میں اور زیادہ مٹھاس بھر دی ۔
تاہم بعض مقامی سیلانیوں نے پارک کی دیکھ بھال پر سوالیہ نشان بھی لگائے ۔منظور لطیف نامی مقامی سیلانی کا کہنا ہے کہ پارک میں معقول اور مناسب بیت الخلاءکی سہولیت نہیں ہے ،باتھ روم کافی گندے ہیں جبکہ پارک کے ایک بڑے حصے کو ویران چھوڑ دیا گیا ہے اور ایک چھوٹے سے حصے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ان کا یہ بھی کہناتھا کہ پارک میں مڈل کلاس طبقے کے لئے رستوراں کی معیاری سہولیت ہونی چاہیے ،جس کا پارک میںفقدان پایا جارہا ہے ۔
ہارٹ ائیر بلون
ہارٹ ائیر بلون سیاحوں اور سیلانیوں کو تفریح کے الگ ہی تجربہ سے نوازتا ہے ۔ پارک میں یہ سہولیت ’ایڈوینچر ‘ کے پرستاروں کے لئے دستیاب رکھی گئی ہے ۔تاہم اس میں بہتری کی کافی گنجائش موجود ہے ،کیوں کہ عید کے موقع پر ’ہارٹ ائیر بلون ‘ کا فضا ءمیں نہ جانے سے ’مہم جوئی ‘ سے محبت رکھنے والوں کے دل مجروح ہوتے ہیں ۔اس لئے قبل از وقت تیاریاں ضروری ہے ۔