منگل, مئی ۶, ۲۰۲۵
22.8 C
Srinagar

گاندربل : نالہ سندھ کے پانی کا رنگ اچانک دودھ جیسا سفید ہونے کے بعد تحقیقاتی ٹیم تشکیل

سری نگر،28مارچ: وسطی ضلع گاندربل میں نالہ سند ھ کے پانی کا رنگ اچانک دودھ جیسا سفید ہونے سے مقامی لوگوں میں سنسنی پھیلا گئی۔دریں اثنا ضلع انتظامیہ نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جنہیں ا س ضمن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔اطلاعات کے مطابق وسطی ضلع گاندربل میں نالہ سندھ کے پانی کا رنگ اچانک دودھ جیسا سفید ہوگیا جس وجہ سے لوگوں میں فکر و تشویش کی لہر دوڑ گئی۔فشریز محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ جل شکتی اور فشریز کی ٹیموں نے نالہ سندھ کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہاکہ پیر کے روز جب ہمیں اطلاع ملی تو گگن گیر سے لے کر نالہ سندھ کے سبھی حصوں تک پیٹرولنگ کی گئی جس دوران کوئی مچھلی مری ہوئی نہیں پائی گئی۔ان کے مطابق ارگیشن فلڈ کنٹرول محکمہ، پی ایچ ای ایگزن اور فشریز محکموں کی ٹیموں نے پانی کے سیمپل اٹھائے ہیں۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ پانی میں’ٹربڈٹی‘ کی مقدار 24این ٹی یو ہے جبکہ عام طور پر پانی میں ٹربڈٹی کی مقدار پانچ ہونی چاہئے۔

انہوں نے بتایا کہ پانی میں’ ٹربڈٹی‘ مقدار بڑھ جانے سے نالہ سندھ کا پانی سفید ہوا اور اس حوالے سے لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ای کے ایگزن کو پانی کے مزید سیمپل لیبارٹری بھیجنے کی ہدایت دی گئی۔سینئر عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے اس واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی اور ٹیم نے ابتدائی رپورٹ ڈپٹی کمشنر گاندربل کو سونپ دی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر پانی میں کیمیکل ملایا گیا ہوتا تو مچھلیاں مر جاتیں لیکن نالہ سندھ میں ایسی صورتحال دیکھنے کو نہیں ملی۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو افواہوں پر کان نہیں دھرنا چاہے کیونکہ قدرتی طور پانی سفید ہو گیا اور ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ ثابت بھی ہو چکا ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img