نئی دہلی 27 مارچ :کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنا اور مظاہرہ کیا اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ۔ ای ڈی اور دیگر ایجنسیوں کے غلط استعمال کرنے کا حکومت پر الزام لگایا۔

دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں جمع ہوئے اور ہاتھوں میں بینرز اور کارڈ لے کر گاندھی جی کے مجسمے کے سامنے دھرنے پر بیٹھ گئے۔ بعد ازاں ان رہنماؤں نے مظاہرہ اور مارچ بھی کیا۔

احتجاج کرنے والے اراکین پارلیمنٹ نے ایک مارچ بھی نکالا جس میں ‘ستیہ میو جیتے’ کا نعرہ لکھا تھا اور ایک بڑا بینر لے کر آگے بڑھ رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی کئی ارکان پارلیمنٹ ہاتھوں میں تختیاں لے کر مارچ میں شامل ہوئے۔

اس سے قبل پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ میٹنگ کی جس میں کانگریس کے علاوہ ڈی ایم کے، سماج وادی پارٹی، جنتا دل یو، مارکسی کمیونسٹ پارٹی ، راشٹریہ جنتا دل، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا آر ایس پی، عام آدمی پارٹی، نیشنل کانفرنس، شیو سینا سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

یواین آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.