حکمراں پارٹی او ر اپوزیشن کے درمیان ہنگامہ آرائی کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

حکمراں پارٹی او     ر     اپوزیشن کے درمیان ہنگامہ آرائی کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) حکمراں پارٹی اور اپوزیشن اپنے اپنے مطالبات پر ڈٹے رہنے کی وجہ سے راجیہ سبھا میں منگل کو مسلسل ساتویں دن دونوں فریقوں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔

لنچ کے وقفے کے بعد چیرمین جگدیپ دھنکھر نے ملک کے مختلف حصوں میں نئے سال کے موقع پر منعقد ہونے والے مختلف تہواروں کے بارے میں جانکاری دی اور کہا کہ اس موقع پر ایوان کی کارروائی 22 مارچ کو نہیں چلے گی۔ اس کے بعد جب انہوں نے مرکزی بجٹ 2023-24 پر بحث کرنے کی کوشش کی تو حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے ارکان نے شور شرابا شروع کر دیا۔ انہوں نے ارکان سے درخواست کی کہ وہ پرسکون ہوجائیں اور ایوان کی کارروائی جاری رہنے دیں تاہم ارکان پر کوئی اثر نہ ہونے پر انہوں نے ایوان کی کارروائی 23 مارچ جمعرات تک ملتوی کردی۔

صبح سویرے چیئرمین نے کہا کہ انہیں 11 ارکان کی جانب سے رول 267 کے تحت تحریک التواء کے نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر اراکین، جیسے امی یاگنک، پرمود تیواری، تروچی سیوا، نیرج ڈانگی، رنجیت رنجن اور ناصر حسین نے اڈانی گروپ کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک اور رکن الامار کریم نے معاملے کی تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں کرانے کے حوالے سے نوٹس دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے اڈانی گروپ کے ذریعہ راجستھان اور مہاراشٹر میں بجلی کی پیداوار سے متعلق بے ضابطگیوں کے بارے میں نوٹس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام نوٹسز پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد انہوں نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا ایوان بالا ہے اور ہم زمین پر جمہوریت کے سب سے ذمہ دار پلیٹ فارم پر ہیں۔ لوگ چاہتے ہیں کہ ہم اس ایوان میں اہم مسائل پر بات کریں اور جمہوری اقدار اور روایات پر عمل کریں۔

اس کے بعد جیسے ہی چیئرمین نے وقفہ صفر کی کارروائی شروع کرنا چاہی تو قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے کچھ کہنا چاہا۔ جس کی حکمراں جماعت کے ارکان کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی جس پر حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان گرما گرم بحث شروع ہوگئی۔

مسٹر دھنکھر نے ایوان میں افراتفری کو دیکھتے ہوئے کہا کہ ایوان میں موجود تمام پارٹیوں کے لیڈران کو صبح 11.30 بجے ان کے چیمبر میں ملاقات کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
واضح رہے کہ حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان تعطل کی وجہ سے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں ایک دن بھی کارروائی اچھی طرح سے نہیں چل سکی۔

یواین آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.