ایپ ٹیک معاملہ: جموں میں ہزاروں امیدواروں کا کینڈل لائٹ مارچ، فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی شرکت

ایپ ٹیک معاملہ: جموں میں ہزاروں امیدواروں کا کینڈل لائٹ مارچ، فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی شرکت

جموں،11مارچ: جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی جموں میں ہفتے کی شا م کو امیدواروں کی ایک بڑی تعداد نے کینڈل لائٹ مارچ نکالا اور راج بھون کی طرف پیش قدمی شروع کی۔نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے امیدواروں سے اظہار یکجہتی کی خاطر اس کینڈل لائٹ مارچ میں شرکت کی۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں میں ہفتے کی شام کو ہزاروں کی تعداد میں امیدواروں نے کینڈل لائٹ مارچ نکالا او ر راج بھون کی طرف پیش قدمی شروع کی۔

انہوں نے بتایا کہ کچی چھاونی سے یہ کینڈل لائٹ مارچ نکالا گیا جس میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھنے کو ملا۔معلوم ہوا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر جموں میں سیکورٹی کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا جبکہ مظاہرین کو راج بھون کی طرف جانے سے روکنے کی خاطر بھی جگہ جگہ بھاری تعداد میں پولیس نفری تعینات کی گئی۔امیدواروں کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج تب ہی ختم ہوگا جب ایپ ٹیک کا کنٹریکٹ ختم کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں یہ سمجھ ہی نہیں آرہا ہے کہ ایپ ٹیک کمپنی کو کس بنیاد پر یہ ٹھیکہ الاٹ کیا گیا۔نامہ نگار نے بتایا کہ امیدواروں سے اظہار یکجہتی کی خاطر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فارو ق عبداللہ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی کینڈل لائٹ مارچ میں شرکت کی۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک مارچ کے شرکا ءامپھالہ جیل کے باہر احتجاج کر رہے تھے اور راج بھون کی طرف جانے پر بضد تھے۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.