عمر عبداللہ ، غلام نبی آزاد، الطاف بخاری اور محبوبہ مفتی نے پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی

عمر عبداللہ ، غلام نبی آزاد، الطاف بخاری اور محبوبہ مفتی نے پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی

سری نگر،8 مارچ:جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (ایس ایس آر بی )کی جانب سے اپیک ٹیک کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے خلاف سری نگر اور جموں میں امیدواروں کی جانب سے پر امن احتجاج کے باوجود بھی پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کرنے پر مین اسٹریم سیاسی پارٹیوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایپ ٹیک کمپنی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے شوپیاں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ایس ایس بی امیدواروں پر لاٹھی چارج کرکے انہیں گرفتار کرنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کا یہ قصور ہے کہ وہ ایل جی انتظامیہ سے سوال کر رہے ہیں کہ ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیوں کیا جارہا ہے۔محبوبہ مفتی نے مزید بتایا کہ ایپ ٹیک کمپنی کو کس کی سفارش پر ایس ایس بی امتحانات لینے کے لئے منتخب کیا گیا اس حوالے سے تحقیقات ہونی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ایپ ٹیک کو ٹھیکے دینے کی خاطر انتظامیہ نے قانون میں بھی تبدیلی لائی اور اسی کے خلاف نوجوان اس وقت سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ان کے مطابق ایل جی منوج سنہا کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ بلیک لسٹ بد نامہ زمانہ کمپنی کو کس کے کہنے پر ٹھیکہ الاٹ کیا گیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ جن آفیسران نے جموں وکشمیر کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا وہی اس کمپنی کے ساتھ ساز باز میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف سرکار نوکریاں چھین رہی ہیں دوسری جانب ایسی کمپنیوں کو ٹھیکے دئے جارہے ہیں جو ملک بھر میں بلیک لسٹ قرار دی گئی۔دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاکہ امیدواروں پر لاٹھی چارج کرکے انہیں گاڑیوں میں بھرکر پولیس اسٹیشن منتقل کرنا حد درجہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو فوری طورپر کمپنی کے کنٹریکٹ کو ختم کرنا چاہئے۔ان کے مطابق اس کمپنی کو پھر سے امتحانات کی خاطر منتخب کرنا نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف ہے۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ پر امن مظاہرین پر لاٹھیاں برسانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو اس حوالے سے جلدازجلد فیصلہ لینا چاہئے۔علاوہ ازیں اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایپ ٹیک کمپنی کا کنٹریکٹ فوری طورپر ختم کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ایپ ٹیک ایک بد نام زمانہ کمپنی ہے اور پورے ملک میں اس پر پابندی ہے لہذا ایل جی انتظامیہ اس حوالے سے فور ی طورپر فیصلہ لے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.