این آئی اے نے بارہمولہ میں حزب عسکری کمانڈر باسط ریشی کی جائیداد ضبط کر لی

سری نگر/  قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعے کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبے میں حزب المجاہدین کے کمانڈر باسط ریشی کی غیر منقولہ جائیداد کو منسلک کردیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے سوپور میں حزب المجاہدین کے کمانڈر باسط ریشی جو اس وقت پاکستان میں قیام پذیر ہے، کی غیر منقولہ جائیداد کو منسلک کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے پولیس کی مدد سے اس جائیداد پر اٹیچمنٹ نوٹس لگا دی۔نوتس بورڈ پر لکھا ہے: ’عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ جموں وکشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ادی پورہ تحصیل زینہ گیر علاقے میں واقع باسط احمد ریشی، جس کو یو اے پی اے کے تحت ’دہشت گرد‘ قرار دیا گیا ہے، کے زیر قبضہ 3.5 مرلوں پر محیط غیر منقولہ جائیداد (زرعی اراضی) کو منسلک کیا جاتا ہے‘۔

مرکزی وزارت امور داخلہ نے اکتوبر2022 میں یمبر زل واری شیوا ڈانگر پورہ سوپور سے تعلق رکھنے والے باسط احمد ریشی کو یو اے پی اے ایکٹ کے تحت ’دہشت گرد‘ قرار دیا تھا۔

وزارت امور داخلہ کا دعویٰ ہے کہ حزب المجاہدین کا رکن باسط ریشی جموں وکشمیر میں تخریبی کارروائیاں انجام دینے اور ٹارگیٹ ہلاکتوں کا منصوبہ بنانے میں ملوث ہے۔

 این آئی اے نے یہ کارروائی العمر کے کمانڈر مشتاق زرگر کا سری نگر میں مکان قرق کرنے کے ایک دن بعد انجام دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.