جموں: سالانہ شری امرناتھ جی یاترا سے قبل جموں پولیس نے حفاظتی بند وبست کے استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر میں اہم اور حساس جگہوں پر چوکیاں قائم کی ہیں۔
واضح رہے کہ 38 دنوں پر محیط شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔یہ مقدس یاترا روایتی راستوں 48 کلو میٹر ننون پہلگام راستے اور 14 کلو میٹر بالتل راستے سے بہ یک وقت شروع ہوگی اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا 2 جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کے پہلے قافلے کو کشمیر کے لئے روانہ کریں گے۔
حکام نے بتایا کہ شری امرناتھ یاترا کے پیش نظر، جموں پولیس نے ضلع بھر میں متعدد اسٹریٹجک مقامات پر مشترکہ ناکے (چیک پوائنٹس) قائم کرکے سیکورٹی انتظامات کو نمایاں طور پر تقویت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چوکیاں نیم فوجی دستوں کے ساتھ مل کر قائم کی گئی ہیں تاکہ یاترا کے بغیر کسی رکاوٹ اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں، شہر کے اطراف اور بھگوتی نگر بیس کیمپ کی طرف جانے والے راستوں سمیت حساس ترین اور زیادہ نقل و حرکت والے علاقوں میں چوکیاں چوبیس گھنٹے کام کریں گی۔
حکام نے بتایا کہ پولیس، سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) اور دیگر ایجنسیوں کے اہلکاروں کو سخت تلاشی، نگرانی اور ویریفکیشن کارروائیوں کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے سینئر افسران چوکسی، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے چوکیوں پر کارروائیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے: ‘ ناکہ ٹیموں کو سخت چیکنگ اور یاتریں اور شہریوں کے ساتھ احترام کے رویے کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے’۔
حکام نے بتایا کہ گاڑیوں کی جانچ، شناخت کی تصدیق اور مشکوک نقل و حرکت کا پتہ لگانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور لاجمنٹ سینٹرز کی چیکنگ کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔پولیس نے شہریوں اور یاتریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ناکہ ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، درست شناختی ثبوت رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں پولیس فوری اطلاع دیں۔انہوں نے کہا کہ مقدس یاترا کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے۔
دریں اثنا، جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)، جوگندر سنگھ نے ایس پی جی کے گروپ کمانڈر اور دیگر سینئر پولیس افسران کے ساتھ، جموں – سری نگر قومی شاہراہ پر نگروٹا میں ٹریفک چیک پوسٹ سے سلورا تک یاترا کے راستے کے ساتھ ایک جامع سیکورٹی جائزہ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کہ اعلیٰ سطحی ٹیم نے تعیناتی پوائنٹس کا معائنہ کیا اور روٹ پر تعینات افسران سے بات چیت کی۔انہوں نے کہا: ‘افسران کو ممکنہ خطرے کے منظر نامے اور فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنائے جانے والے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے ایک تفصیلی بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا’۔
ان کا کہنا ہے: ‘ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ روزانہ انسداد تخریب کاری کی چیکنگ کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں ایکسپریس وے کی تعمیر جاری ہے، جن کی نشاندہی خطرے سے دوچار علاقوں کے طور پر کی گئی ہے’۔انہوں نے مزید کہا: ‘چوکسی کو برقرار رکھنے اور تمام سیکیورٹی اداروں کے درمیان مربوط کوششوں کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا’۔