انسداد تجاوزات مہم کے دوران غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی، سٹیٹ لینڈ کا تحفظ ناگزیر:صوبائی کمشنر کشمیر

انسداد تجاوزات مہم کے دوران غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی، سٹیٹ لینڈ کا تحفظ ناگزیر:صوبائی کمشنر کشمیر

سری نگر،17فروری:صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے واضح کیا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم کے دوران غریبوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلے ہی اس بارے میں سرکار کی پوزیشن واضح کی ہے ۔
اُن کے مطابق سٹیٹ لینڈ کا تحفظ سرکار کا کام ہے اور وہ ہم کسی بھی صورت میں کریں گے ۔
نو منتخب صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ سری نگر کو جاذب نظر بنانے کی خاطر بڑے پیمانے پر تعمیر وترقی کے کام شروع کئے گئے ہیں۔صوبائی کمشنر کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ جی 20اجلاس کے پیش نظر شہر کو خوبصورت بنایا جارہا ہے۔
کھیل کود کی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے بارے میں صوبائی کمشنر نے کہاکہ سپورٹس کے ذریعے ہی نوجوان کو برائیوں سے دور رکھاجاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ ایل جی انتظامیہ نے یونین ٹریٹری میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو بڑھاوا دیا اور اس حوالے سے مزید اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
انسداد تجاوزات مہم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی کمشنر نے کہاکہ جیسا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ کسی غریب کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی لہذا جو کچھ بھی ایل جی منوج سنہا نے کہا اُس پر سبھی کو بھروسہ کرنا چاہئے۔
صوبائی کمشنر نے کہاکہ کسی کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں اور جو اراضی ہم تحویل میں لے رہے ہیں اُس کو لوگوں کی فلاح و بہبود کی خاطراستعمال میں لایا جائے گا۔
انہوں نےمزید بتایا کہ سٹیٹ لینڈ کا تحفظ ہمار ا کام ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈویژنل کمشنر کشمیر کے مطابق صوبہ کشمیر میں غیر جانبدارانہ طریقے سے سٹیٹ لینڈ کو باز یاب کرنے کی خاطر کام ہو رہا ہے۔
آن لائن سروس شروع ہونے کے بارے میں صوبائی کمشنر نے کہاکہ اب لوگوں کو پٹواری اور تحصیل آفس میں جانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔
انہوں نے کہاکہ زمین کے کاغذات اور دوسرے معاملات کی خاطر اب گھر میں ہی لوگ آئن لائن سروس کے ذریعے سب کچھ حاصل کرسکتے ہیں اور اس طریقہ کار سے شفافیت کو بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.