سری نگر،15 فروری :وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر چٹانیں کھسک آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل بدھ کی صبح ایک بار پھر روک دی گئی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ کو رام بن کے مہر – کیفٹیریا موڑ پر چٹانیں کھسک آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل جاری رکھنے کا فیصلہ لیا گیا تھا لیکن مہر – کیفٹیریا موڑ پر رک رک کر چٹانیں کھسک آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
حکام نے لوگوں کو قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بتادیں کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔