سری نگر،8 فروری: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے کرال پورہ علاقے میں ایک غیر مقامی کنبے کے پانچ افراد کی منگل اور بدھ کی درمیانی شب مشتبہ طور پر دم گھٹنے سے موت واقع ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق اتر پردیش کے بجنور علاقے سے تعلق رکھنے والا ماجد انصاری، جو اپنے کنبے کے ساتھ کرال پورہ میں ایک مکان میں کرایے پر رہتا تھا، کو بے ہوش پایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص کو بے ہوش پاکر مقامی لوگوں نے ڈاکٹر کوطلب کیا تاہم ڈاکٹر کے وہاں پہنچنے پر تمام افراد خانہ کو مردہ پایا گیا۔
متوفین کی شناخت 35 سالہ ماجد انصاری، اس کی اہلیہ 30 سالہ سوہانہ خاتون، 4 سالہ فیضان انصاری،3 سالہ ابوز اور ایک نو زائد بچہ شامل ہیں۔
دریں اثنا بلاک میڈیکل افسر کرال پورہ نے پانچ افراد خانہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دم گھٹنے کا معاملہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا تاہم لاشیں ہسپتال پہنچنے کے بعد ہی اصل تفصیلات سامنے آئیں گی۔
یو این آئی