کشمیر میں موسم خشک، سری نگر کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج

کشمیر میں موسم خشک، سری نگر کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج
سری نگر،2 فروری : وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ سری نگر کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران کسی بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکے برف وباراں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں 5 جنوری کو رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی8.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا دجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی15.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی11.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی16.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

بتادیں کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہے اس کے دور اقتدار میں گرچہ بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم اس دوران سردی میں بتدریج کمی درج ہوتی ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.