کشمیر: بھارت جوڑو یاترا اونتی پورہ سے شروع، پرینکا گاندھی، محبوبہ مفتی نے کی شرکت

کشمیر: بھارت جوڑو یاترا اونتی پورہ سے شروع، پرینکا گاندھی، محبوبہ مفتی نے کی شرکت

سری نگر،28 جنوری: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا سخت سیکورٹی بندو بست کے بیچ ہفتے کی صبح جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ سے دوبارہ شروع ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یاترا کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اونتی پورہ کے چرسو گاؤں سے شروع ہونے والی یاترا میں پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور ان کی صاحبزادی التجا مفتی نے شرکت کی۔
کانگریس جنرل سکریٹری اور راہل گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی بھی یاترا میں شامل ہونے والی ہے۔
محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’راہل گاندھی کی یاترا کشمیر میں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح آئی ہے‘۔
انہوں نے ٹویٹ میں کہا: ’سال2019 کے بعد پہلی بار کشمیری لوگ اتنی بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے باہر آئے ہیں، ان (راہل گاندھی) کے ساتھ چلنا ایک بڑا تجربہ تھا‘۔
لیتہ پورہ پہنچ کر یاترا مختصر وقفے کے لئے رک گئی اور وہاں راہل گاندھی نے14 فروری 2019 کو ہونے والے ایک خود کش حملے میں جان بحق ہونے والے سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ادھر بی جے پی محبوبہ مفتی کو یاترا میں شامل ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا راہل گاندھی ان لوگوں کے شابہ بشانہ چلنے پر معافی مانگیں گے جو جموں وکشمیر میں دو جھنڈوں اور دو قوانین کی حمیات کرتے ہیں یا وہ خود بھی اس کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ راہل گاندھی 30 جنوری کو لالچوک میں ان افراد کے ساتھ ہاتھ ملانے پر معافی مانگیں گے جو جموں وکشمیر کے بھارت کے ساتھ انضمام کے مخالف ہیں۔
بتادیں کہ راہل گاندھی نے جمعے کے روز کشمیر پہنچنے کے بعد یاترا کے لئے سیکورٹی انتظامات کمزور ہونے کا الزام لگایا تھا تاہم جموں وکشمیر پولیس نے اس الزام کو رد کیا تھا۔
کنیا کماری سے 7 ستمبر کو شروع ہونے والی یہ یاترا ہفتے کو پانپور میں برلا اوپن مائنڈس اسکول میں قیام کے بعد سری نگر کے مضافاتی علاقہ پانتھہ چوک پر اختتام پذیر ہوگی۔
پانتھہ چوک میں رات کے قیام کے بعد اتوار کو یاترا دوبارہ شروع ہو کر نہرو پارک پہنچے گی۔
پیر کو راہل گاندھی سری نگر میں مولانا آزاد روڈ پر واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر قومی پرچم لہرائیں گے۔

یو این آئ

Leave a Reply

Your email address will not be published.