ماحولیاتی آلودگی ۔۔۔۔

ماحولیاتی آلودگی ۔۔۔۔

صدر ہند دروپتی مرمو اور وزیر اعظم نریندرا مودی نے یوم جمہوریہ پر قوم کے نام پیغام میں جو باتیں سامنے رکھیں ،اُن کا ماحاصل یہ تھا کہ ملک کو درپیش آنے والے چیلنجز کا مقابلہ ملک کے عوام ،سیاستدانو ں اور پالیسی سازوں کو مل کر کرنا چاہیے ۔

صدر ہند کے پیغام میں تیزی سے ہو رہی موسمی تبدیلی اور اسکے لئے ذمہ دار ماحولیاتی آلودگی سب سے اہم اور تشویشناک بات مانی جاتی ہے کیونکہ کرہ ارض پر جس تیزی سے لوگ ماحولیاتی آلودگی پھیلا رہے ہیں، اُس سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ آنے والے وقت میں پانی کی بے شمار کمی پائی جائے گی اور اسکی وجہ سے نہ صر ف زمین پر زندگی گزاررہے انسانوں بلکہ پرندوں اور جانوروں تک کو بھی خطرہ ہے۔

اگر ہم صرف اپنی وادی کشمیر کا محاسبہ کریں تو گزشتہ تین دہائیوں کے دوران جس تیزرفتاری کےساتھ وادی میں ندی نالوں ،نہروں ،چشموں اور دیگر آبی ذخائر کو ختم کیا گیا ، وہ واقعی قابل تشویش امرہے ۔

جھیل ڈل سے لیکر ولر جھیل تک اور جھیل آنچار سے لیکر ہو کر سر تک اور گل سرکاپوری طرح خاتمہ کیا گیا ۔

آبی اول زمین کی بھرائی کر کے اس زمین پر اُو نچی عمارتیں کھڑی کی گئیں ۔شاپنگ مال ،صنعتی یونٹ یہاں تک مختلف سرکاری عمارتیں بنائی گئیں، جو واقعی خطرے کی گھنٹی ہے، لیکن یہاں کے لوگوں کو سنائی نہیں دیتی ہے ۔

سڑکوں پر سے روزانہ لاکھوں کی تعداد میں گاڑیاں چلتی ہیں ،بڈگا م ،اننت ناگ اور پلوامہ کے مختلف علاقوں میں اُونچے پہاڑوں کو مسمار کر کے یہاں اینٹ کے بھٹے بنائے جارہے ہیں اور حکام اپنی جیبیں گرم کر کے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔

ایل جی حکومت نے اگرچہ کسی حد تک وادی میں زرعی زمین کو بچانے اور سرکاری زمین پھر سے جبری قبضہ ہٹانے کی مہم شرو ع کر رکھی ہے، تاہم ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کیلئے آج تک کوئی ٹھوس اور مربوط پالیسی نہیں اپنائی گئی اور نا ہی بنائی گئی ۔

صدر ہند اور وزیر اعظم کے پیغاما ت سے یہ بات عیاں ہو رہی ہے کہ اگر اس ماحولیاتی آلودگی پر جلد سے جلد قابونہیں پایا گیا تو تباہی عوام کی مقدر بن جائے گی ۔

لہٰذا ضرورت اس بات کی کہ ہم اپنے ارد گرد ہو رہی ماحولیاتی تباہی اور آلودگی کو روکنے کیلئے کارگر اقدامات اُٹھائیں،تاکہ آنے والی تباہی سے محفوظ رہاجا سکے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.