کشمیر:سردیوں کا زور جاری، برف وباراں کے دو مختصر مرحلوں کی پیش گوئی

کشمیر:سردیوں کا زور جاری، برف وباراں کے دو مختصر مرحلوں کی پیش گوئی
سری نگر،6 جنوری : محکمہ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کے دو مختصر مرحلوں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا راج بر قرار ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں دو مغربی ہواؤں کی لہروں کے داخل ہونے کا امکان ہے جن کے نتیجے میں وادی میں 7 جنوری سے موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران 8 سے10 جنوری کو برف باری ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 11 سے13 جنوری تک وادی میں درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
بتادیں کہ وادی میں شہنشاہ زمستان چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے اور اس دور حکومت21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔
اس کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوجاتا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران سردیوں کی شدت کمی واقع ہوجاتی ہے تاہم بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.