گرمیوں میں رافٹنگ، سردیوں میں اسکیئنگ اور اسکیٹنگ کو فروغ دینے کا منصوبہ،گاندربل میں 60 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع
گاندربل: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر حکومت سونہ مرگ کو سال بھر سیاحوں کے لیے پرکشش مقام بنانے کی خاطر مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ان منصوبوں کے تحت گرمیوں میں رافٹنگ جبکہ سردیوں میں اسکیئنگ، اسکیٹنگ اور دیگر سرمائی کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے مطابق گاندربل کے دورے کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرنگ کی تعمیر کے بعد سونہ مرگ اب سال بھر قابل رسائی ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گرمیوں کے دوران رافٹنگ اور سردیوں میں اسکیئنگ، اسکیٹنگ سمیت دیگر سرمائی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ کنگن کے رکن اسمبلی میاں مہر علی کے ساتھ مل کر سونہ مرگ کو سیاحتی نقشے پر مزید نمایاں مقام دلانے کے لیے کام کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اعتراف کیا کہ جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات سے متعلق منظوریوں کے باعث بعض اوقات سیاحتی منصوبوں میں تاخیر ہوتی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نئے سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کے لیے تمام ضروری قانونی اور ماحولیاتی تقاضوں پر عمل کرے گی۔
گاندربل کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ضلع میں تقریباً 60 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا یا ان کی بنیاد رکھی گئی۔
دریائے جہلم پر 40 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے ایک بڑے پل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کی آزمائشی پائلنگ مکمل ہوچکی ہے اور تعمیراتی اہداف مقررہ مدت میں حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق پل کے ستون اپریل تک مکمل کرنے اور پورے پل کی تعمیر اگلے سال دسمبر تک مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ دورے کے دوران سڑکوں کے متعدد منصوبوں، اسکول کی نئی عمارت اور فروٹ اینڈ ویجیٹیبل منڈی میں بنیادی ڈھانچے سے متعلق کاموں کا بھی افتتاح کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ منڈی کے تاجروں نے اس کی توسیع، چاردیواری کی تعمیر اور گریڈ سیپریٹر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملے پر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے حکام کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے، جبکہ دیگر مطالبات کو بھی ضروری کارروائی کے لیے نوٹ کیا گیا ہے۔
پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ڈی سی) کی نہر کے اطراف باڑ لگانے کے مطالبے پر، جہاں پیش آنے والے متعدد واقعات میں انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس بارے میں فیصلہ کرنا ان کے اختیار میں ہوتا تو وہ موقع پر ہی اعلان کر دیتے، تاہم عوامی مطالبے کو متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا۔
قومی شاہراہوں کے منصوبوں سے متعلق زیر التوا معاوضے کے معاملات پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئی تعینات ہونے والی ڈپٹی کمشنر شریا اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ان معاملات کا جائزہ لیں گی۔
بیہامہ سے کھیر بھوانی جانے والی سڑک پر چنار کے درختوں کے باعث ٹریفک کی بھیڑ کے مسئلے پر عمر عبداللہ نے مسافروں کو درپیش مشکلات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس کا کوئی قابل عمل حل نکالنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ ضرورت پڑنے پر سڑکوں کے قریب موجود بعض درختوں کو ہٹا کر دوسری جگہ 8 سے 10 چنار کے درخت لگانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
گاندربل کے کالج آف فزیکل ایجوکیشن میں جاری 70ویں قومی اسکول کھیلوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک بھر سے طلبہ و طالبات ووشو اور تائیکوانڈو کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
زمین کے حصول سے متعلق اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کیے گئے تحریری معاہدوں کا احترام کیا جائے گا اور ان میں کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
(کے این او)





