جمعہ, اکتوبر 16, 2026
17.3 C
Srinagar

گریز کی حاملہ خاتون کی موت کے معاملے میں تحقیقات کی تجویز، لواحقین کو معاوضہ ادا

بانڈی پورہ کی خاتون ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی، انکوائری کی تجویز ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کو بھیج دی گئی

بانڈی پورہ: گریز سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون کی موت کے معاملے میں انتظامیہ نے تحقیقات کرانے کی تجویز پیش کی ہے، جبکہ متوفی خاتون کے لواحقین کو جمعرات کی صبح معاوضہ ادا کر دیا گیا۔ اس بات کی تصدیق ضلع بانڈی پورہ کی خاتون ڈپٹی کمشنر اندو کنول چھب نے کی۔

خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ معاملے کی انکوائری کرانے کی تجویز ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کو بھیج دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کی صبح سوگوار خاندان کو معاوضہ ادا کیا گیا۔

واضح رہے کہ کے این او نے بدھ کے روز خبر دی تھی کہ تلیل کے منز گنڈ گاؤں کی رہائشی حسینہ بیگم، زوجہ شوکت حمید لون، کو دورانِ حمل پیچیدگیاں پیدا ہونے کے بعد بدھ کی صبح ضلع اسپتال بانڈی پورہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے بچے کی مردہ پیدائش ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق خاتون کو ابتدائی طور پر منگل کی دیر شام شیخ پورہ کے پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا تھا، تاہم وہاں کوئی طبی عملہ موجود نہیں تھا۔ بعد ازاں انہیں سب ڈسٹرکٹ اسپتال گریز منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے خون کی کمی کے باعث مزید علاج کے لیے بانڈی پورہ منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

(کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img