جموں 22 دسمبر:بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی دویندر سنگھ رانا نے واضح کیا کہ کشمیر پنڈت اور دیگر ہندو ملازمین جو کشمیر میں تعینات ہیں اُن کی ٹرانسفر پالیسی ضرور لاگو ہوگی اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ پارٹی میں نہیں رہیں گے ۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے دئے گئے بیان پر جموں میں کشمیری پنڈت اور ڈوگرہ ملازمین نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ کشمیر میں اُن کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اور آئے روز دھمکیاں دی جارہی ہیں ایسے میں وہ کشمیر میں اپنے فرائض انجام نہیں دے سکتے ہیں۔
اُن کے مطابق ایل جی انتظامیہ نے وعدہ کیا ہے کہ ٹرانسفر پالیسی لاگو کی جائے گی تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔
دریں اثنا بی جے پی کے سینئر لیڈر دویندر سنگھ رانا نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ٹرانسفر پالیسی کسی بھی صورت میں لاگو ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ جموں کے لوگوں کے ساتھ نا انصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بی جے پی لیڈر کے مطابق اگر ٹرانسفرپالیسی پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تووہ پارٹی میں نہیں رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرانسفر پالیسی کی خاطر کچھ بھی کرنے کو تیار ہوں اور اس حوالے سے انتظامیہ کو بھی آگاہی فراہم کی ہے ۔
