جمعرات, جولائی ۳, ۲۰۲۵
31.6 C
Srinagar

الطاف بخاری کے ہاتھوں گاندھی نگر میں میٹنگ ہال کا افتتاح ، متعدد طلبا اپنی پارٹی میں شامل

جلد ریاستی درجے کی بحالی اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ

کہا’اقتصادی بحران، بے روزگار ی اور ترقیاتی فقدان کے بیچ جموں وکشمیر مشکل وقت سے گذر رہا ہے‘

جموں: اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کر کے جلد سے جلد انتخابات کرائے جائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کو کم کیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اقتصادی بحرانی، بے روزگاری اور ترقیاتی فقدان کے بیچ مشکل دور سے گذر رہا ہے۔
منگل کو یہاں پارٹی صدر مقام گاندھی نگر میں نوتعمیر شدہ میٹنگ ہال کا افتتاح کرنے کے بعد پارٹی لیڈروں اور ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ ایل جی انتظامیہ لوگوں کی توقعات پر کھرا اُترنے میں مکمل طور ناکام رہی ہے جس کے نتیجے میں جموں وکشمیر کی عوام مشکلات سے دو چار ہے۔
انہوں نے کہا” کشمیر اور جموں خطہ کے کچھ علاقوں میں موسم سرما کے آمد کے ساتھ ہی بجلی اور پانی سپلائی نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔ محکمہ بجلی نے کئی علاقہ جات میں 18گھنٹوں کی طویل بجلی کٹوتی کی جارہی ہے اور منتخب حکومت نہ ہونے کی وجہ سے لوگ مایوسی کا شکار ہیں“۔ الطاف بخاری نے مزید کہاکہ” ایل جی انتظامیہ کی ناکامی نے عوام کو اِس مشکل صورتحال میں ڈال دیا ہے۔، اقتصادی بحران، بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی، پانی کی غیر مناسب سپلائی، باغبانی، زراعت شعبہ جات زوال پذیر، بے روزگاری اور ترقیاتی فقدان جیسے مسائل سے جموں وکشمیر کی عوام جوجھ رہی ہے۔ اِن حالات سے باہر نکالنے کے لئے ریاستی درجہ کی بحالی اور جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات کا انعقاد ناگزیر بن چکا ہے“
اپنی پارٹی صدرنے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیر مشکلات میں اضافے کا موجب بنے گی اور یہ جموں وکشمیر کے لئے موزوں نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے چار سالوں کے دوران ایل جی حکمرانی میں بے روزگاری، ترقیاتی فقدان جیسے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ لوگ بے صبری سے ریاستی درجہ بحال کرنے اور اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ احساس ِ بیگانگی کا خاتمہ ہو۔
الطاف بخاری نے کہاکہ سیاسی طور منتخب حکومت لوگوں کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے، لہٰذا عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے منتخب حکومت جموں وکشمیر میں لازمی ہے۔ لوگ اِس وقت مشکل دو ر سے گذر رہے ہیں، بے چینی، مایوسی اور بے بسی کا عالم ہے ۔ ایل جی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں۔ اپنی مرضی، ومنشا کے مطابق فیصلے لئے جارہے ہیں۔ لوگوں کی خواہشات، توقعات ، احساسات اور مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔
اس دوران الطاف بخاری نے سبھی خطوں کی یکساں ترقی اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے اپنی پارٹی ایجنڈے پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر درجنوں طلبا نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا موصوف نے استقبال کرتے ہوئے
پارٹی کی طلبا ونگ کو مضبوط کرنے پرزور دیا۔ اس دوران ریاستی جنرل سیکریٹری وجے بقایہ، صوبائی صدر جموں سردار منجیت سنگھ بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی طلبا کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ اِس سے پارٹی زمینی سطح پر مضبوط ہوگی۔ انہوں نے نوجوان نسل کو درپیش مسائل کو بھی زیر غور لایا اور پارٹی کی طرف سے اُنہیں حل کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img