منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

پولیس کا تحریک المجاہدین جموں و کشمیر ملی ٹنٹ تنظیم کا بھرتی ماڈیول تباہ کرنے کا دعویٰ

سری نگر،10 نومبر : جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر میں تحریک المجاہدین جموں و کشمیر نامی ملی ٹنٹ تنظیم کے ملی ٹنٹ بھرتی اور فنڈنگ ماڈیول کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور فوج کی 21 اور47 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے بلال احمد ڈار ساکن چیر کوٹ کپوارہ کو گرفتار کرکے ملی ٹننٹ فنڈنگ اور بھرتی کے ایک ماڈیول کو تباہ کیا۔
انہوں نے کہا: ’پولیس اور فوج نے کپوارہ کے نٹنسو اور لولاب علاقوں میں مشترکہ طور پر آپریشن شروع کرکے اس کو گرفتار کیا‘۔
ان کا بیان میں کہنا تھا: ’پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار شدہ نے انکشاف کیا کہ وہ شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دیگر پانچ افراد کے ساتھ مل کر اصلاحی فلاحی ریلیف ٹرسٹ کے نامی ایک جعلی این جی او کے تحت (ملی ٹنٹ) فنڈنگ ریکٹ چلا رہے تھے، یہ ٹرسٹ غریب اور حاجت مند کنبوں کو مالی مدد فراہم کرنے کا دعویٰ کرتا تھا‘۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ وہ (بلال احمد) مختلف دیہات میں اجتماعوں کا اہتمام کرکے ملی ٹنٹ فنڈنگ اور بھرتی سرگرمیاں انجام دیتا تھا اور این جی او کے دیگر ممبران کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو ملک مخالف سر گرمیوں کی طرف راغب کرنے کی کوشش کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بلال نے اپنے دیگر ساتھیوں کی شناخت واحد احمد بٹ ساکن کچلو لنگیٹ اور جاوید احمد نجار ساکن سنگھ پورہ بارہمولہ جبکہ دیگر تین افراد کی شناخت مشتاق احمد نجار ساکن براتھ سوپور، بشیر احمد میر ساکن منڈجی سوپور اور زبیر احمد ڈار ساکن چیر کوٹ بطور کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زبیر احمد، بلال احمد کا قریبی رشتہ دار ہے اور وہ بھی اس ماڈیول کا ایک سرگرم کارکن تھا۔
 یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img