سری نگر،8 نومبر: سرحدی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ علاقے میں منگل کی صبح ایک بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 28 مسافر زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ سے سری نگر آ رہی ایک گاڑی کے وتاین ہندوارہ علاقےکے نزدیک منگل کی صبح سڑک سے لڑھک گئی جس کے نتیجے میں اس میں سوار کم سے کم28 مسافر زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر ضلع ہسپتال ہندوارہ منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے ارشاد احمد ولد غلام قادر ساکن ترال اور مختی بیگم زوجہ غلام رسول میر ساکن ہندوارہ کو بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ ریفر کیا گیا جبکہ پروینہ بیگم اس کے چھوٹے بچے مسیب احمد اور ارشاد احمد بٹ ولد ولی محمد بٹ ساکن چوگل ہندوارہ کو شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
یو این آئی





