ہر انسان دنیا میں دن رات محنت کرتا ہے تاکہ وہ خوشحال اور پُر سکون زندگی گذار سکے ۔ویسے بھی زندگی ایک ایسا خطرناک تنازعہ ہے جس کو سلجھانے میں عام لوگ فیل ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ ریل کے ڈبوں کی طرح دولت کے پیچھے بھاگتے رہتے ہیں، اسطرح اُنہیں زندگی میں راحت وسکون نہیں ملتا ہے بلکہ وہ دن میںکام کرتے ہیں اور رات کو پریشانیوں کی وجہ سے جاگتے رہتے ہیں ۔
زندگی کی اس بھاگ دوڑ میں کچھ ہی لوگ ایسے ہیں جو اپنے ہی من میں ڈوب کر زندگی کا خوب مزہ لیتے ہیں ۔امیری ہو یا غریبی وہ ہر وقت خوشحال اور پُرسکون زندگی گذارتے ہیں ۔
وہ اِدھر اُدھر منہ مارتے نہیں ہیں نہ ہی وہ مال ودولت جمع کرنے کیلئے غلط اور سخت راستہ اختیار کرتے ہیں ،نہ وہ عام لوگوں کی طرح دن رات بے قرار رہتے ہیں بلکہ وہ ہر حال میں مطمئن ہوتے ہیں اور محنت ومشقت کر کے اپنی زندگی کی گاڑی بہتر ڈھنگ سے چلا کر منزل پر پہنچتے ہیں، مگر اسکے لئے علم واُستاد اور پھر عمل کی ضرورت ہوتی ہے ۔




