بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
5.1 C
Srinagar

احساسِ ذمہ داری

شوکت ساحل

بہتر سے بہترین بننے کا سفر ایک طویل کام ہے اور کسی بھی کام کو ذمہ داری سے کرنا اہم کارنامہ ہے، مگر یہ کارنامہ اسی صورت میں انجام تک پہنچ سکتا ہے جب آپ کو ذمہ داری کا احساس ہو۔

اپنے حالات کی ذمہ داری قبول کریں، پھر انہیں بدلنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ ذاتی نشوونما خودکار عمل نہیں، بلکہ اس کی تکمیل کے لیے محنت لازم و ملزوم ہے۔

اگر آپ وہی کچھ کریں گے جو اب تک کرتے آئے ہیں توآپ کو وہی کچھ ملے گا جو اب تک ملتا آیا ہے۔ دوسروں کو تبدیل کرنا یا بہتر سے بہترین بنانا، آپ کے اختیار میں نہیں، لیکن خود کو بدلنا، اپنا ظاہر اور باطن خوب صورت بنانا آپ کے اپنے اختیار میں ہے۔

بے شمار لوگ اپنی ناکامیوں کی وجہ حالات اور قسمت کو قرار دیتے ہیں، ان کے نزدیک ناکامی کی وجہ وسائل کی عدم دستیابی ہے لیکن اصل وجہ اپنی ذمہ داریوں سے فرار ہے۔

اگر انسان کے اندر احساسِ ذمہ داری جاگ جائے تو ہر کام کو تکمیل تک پہنچانا ممکن ہو جاتا ہے۔خود کو بہتر بنانے کے لیے’ نیٹ ورکنگ ‘میں اضافہ بہت ضروری ہے۔ نیٹ ورکنگ سے مراد حلقہ احباب ہے۔

اگر آپ کا حلقہ احباب محدود ہے تو آپ اپنے اندر بہتری نہیں لا سکتے، آگے نہیں بڑھ سکتے، ترقی نہیں کر سکتے۔

نیٹ ورکنگ لوگوں سے اچھے تعلقات بنانے اور انہیں قائم رکھنے کا نام ہے۔ اگر آپ کی زندگی میں نئے لوگ شامل نہیں ہو رہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو تعلقات بنانے نہیں آتے، عزت دینی نہیں آتی، لوگوں پر اعتماد نہیں ہوتا، آپ لوگوں کے لیے مفید نہیں ہیں۔آپ مختلف ذرائع کی مدد سے اپنے نیٹ ورک میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ اپنے شعبے سے منسلک لوگوں سے ملاقات کریں۔

اگر آپ کے ارد گرد سیمینار یا ورکشاپ منعقد ہوں، تو ان میں شمولیت اختیار کریں۔ لکھنے اور بولنے کی صلاحیت بھی ایسی خوبیاں ہیں جن سے آپ اپنے نیٹ ورک میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ لکھنے کا موقع ملے تو اس سے ضرور فائدہ اٹھائیں اور اپنے دوستوں میں اضافہ کریں۔

اسی طرح اگر تقریر کا موقع ملے تو ضرور کریں، اس سے آپ اپنے افکار و نظریات کی مدد سے لوگوں کی رہنمائی کرسکیں گے اور آپ کی معمولی سے معمولی بات بھی کسی کے لیے مثبت تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے۔

نیٹ ورکنگ کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو نئے نئے مواقع ملتے ہیں، اگر آپ ایک اچھا نیٹ ورک بنا لیتے ہیں، تو اس سے آپ کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بہتری آنا شروع ہو جاتی ہے اور آپ کا حلقہ احباب وسیع ہو جاتا ہے۔

قابلِ اعتماد اور باصلاحیت لوگوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی آپ کی کامیابی کی وجہ بن سکتی ہے۔ شکوہ شکایت کو اپنی عادت نہ بنائیں، جب لوگوں میں بیٹھیں تو مایوسی کی باتوں کے بجائے امید کی روشنی پھیلائیں۔

سماجی بھلائی کے کاموں میں شرکت کریں۔ رضاکارانہ کام کا موقع ملے تو اسے بھی قبول کریں۔ اس سے نیٹ ورکنگ میں اضافہ ہو گا اور آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔ضروری ہے کہ آپ اپنے اندر ذمہ داری کا احساس پیدا کریں اور اپنی کامیابی کے اہداف کو مقرر کریں اور اُن اہداف کو حاصل کرنے کے لئے مسلسل کوشش کرتے رہیں ،کامیابی سے آگے بڑھنے اور الجھنوں کی بھول بھلائیوں سے نکلنے کے لئے مثبت اور پر اعتماد رہنا بھی ضروری ہے ۔کیوں کہ دنیا بدل رہی ہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img