سنا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ شری امت شاہ جی جموں وکشمیر کے دوروزہ دورے پر آرہے ہیں ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کوئی سیاسی دورہ نہیں بلکہ یہ معمول کے مطابق دورہ ہے ۔
جہاں تک بی جے پی جموں وکشمیر یو نٹ کا تعلق ہے، وہ اس حوالے سے میگا ریلی کی تیاری کر رہا ہے۔
جموں اور بارہمولہ میں وزیر داخلہ کیلئے عوامی جلسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ویسے بھی وزارت داخلہ ایک اہم عہدہ ہوتا ہے جس ریاست یا یونین ٹریٹری میں وزیر داخلہ جائیں گے، وہاں کی ساری انتظامیہ انتظامی امور پر لگ جاتی ہے ۔
دیکھنا یہ ہے کہ اس دورے سے بی جے پی وادی اورجموں میں کس قدر اپنی طاقت دکھا سکتی ہے کیونکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں اس عوامی اجتماع کا بہت اثر پڑے گا ۔
غالبا ً اسی لئے بی جے پی ورکر اور عہدیداران اپنی جان کی بازی لگا رہے ہیں تاکہ یہ عوامی ریلی کامیاب ہو جائے ۔
عام لوگ بھی بے تاب ہیں کہ وزیر داخلہ جموں وکشمیر کے عوام کیلئے کوئی خاص پیغام تو نہیں سنائیں گے جس سے عوامی حلقوں میں خوشی پھیل جائے گی ۔جہلم کے کنارے لوگ یہی کچھ کہہ رہے ہیں ۔