سری نگر،3. ستمبر : جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کے کانگریس سے مستعفی ہو کر نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کے اعلان کے بعد جموں و کشمیر کی سیاسی پارٹیوں سے لیڈروں اور کارکنوں کا اپنی اپنی پارٹیوں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ڈی پی سے وابستہ ممتاز گجر لیڈر چودھری گلزار احمد کھٹانہ نے بھی پارٹی سے ناطہ توڑ کر غلام نبی آزاد کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے انتہائی با اثر لیڈر سمجھے جانے والے چودھری گلزار احمد نے سابق وزیر پیرزادہ محمد سعید کی موجودگی میں غلام نبی آزاد کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
گلزار احمد سابق ایم ایل سی نظام الدین کھٹانہ کے فرزند ہیں اور وہ خود پی ڈی پی- بی جے پی مخلوط حکومت کے دوران گجر بکروال ایڈوائزری بورڈ کے وائس چیئرمین رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق چودھری گلزار کی کنارہ کشی اختیار کرنا پی ڈی پی کے لئے بہت بڑا دھچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلزار کھٹانہ، کوکرناگ اسمبلی نشست جس کو اب شیڈول ٹرائب کے لئے مخصوص رکھا گیا ہے، کے سنجیدہ دعویدار سمجھے جاتے ہیں۔
بتادیں کہ کشمیر کے جن لیڈروں نے غلام نبی آزاد کی حمایت کی ہے، ان میں سے اکثریت کا تعلق جنوبی کشمیر سے ہے جن میں سابق وزیر پیر زادہ محمد سعید،، سابق ایم ایل سی محمد امین بٹ اور گلزار احمد (شانگس) خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
یو این آئی





