سری نگر، 19اگست:جموں وکشمیر پولیس نے ہندواڑہ میں مزید دو ہابرڈ ملی ٹینٹوں کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا ۔
بتادیں کہ چار اگست کے روز بھی سیکورٹی فورسز نے ہندواڑہ میں تین ہابرڈ ملی ٹینٹوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا اور ابتک پانچ ملی ٹینٹوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چار اگست 2022 کو پولیس ، 21 آر آر اور 92 بٹالین سی آر پی ایف نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ہندواڑہ میں 3 ہابرڈ ملی ٹینٹوں کو اسلحہ وگولہ باورد سمیت گرفتار کرکے اُن کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 23 کے تحت کیس درج کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش گرفتار شدگان نے تخریبی کارروائیوں کو انجام دینے کی خاطر مزید دو ساتھیوں کے نام ظاہر کئے جنہیں بعد میں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ہابرڈ ملی ٹینٹوں کی شناخت اعجاز احمد بٹ عرف ہلال ولد خضر محمد بٹ ساکن ہمپورہ اور نصیر احمد میر ولد محمد رمضان میر ساکن سگی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
ٓاُن کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار کئے گئے ہابرڈ ملی ٹینٹوں کی نشاندہی پر دو پستول ، چار پستول میگزین، 58پستول گولیوں کے راونڈ اور چھ گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
یو این آئی