جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

آنکھوں سے اوجھل گریز وادی ۔۔۔۔

جموں وکشمیر میں بدلتا تعمیراتی منظرنامہ اگرچہ عوام کیلئے راحت وسکو ن ثابت ہو رہا ہے۔ تاہم وادی کے درجنوں دوردراز علاقے ابھی بھی ایسے ہیں جہاں 21ویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔

گزشتہ روز وادی کے ایک دوردراز پہاڑی علاقے واد ی گریز اور تحصیل تلیل میں لوگ زبردست جوش وجذبے کے ساتھ یوم آزادی کی تقریبات منانے میں محو تھے اور ہرگھر ،ہر دُکان اور تمام سرکاری عمارات قومی جھنڈوں سے سجی ہوئی نظر آرہی تھی،یعنی یہاں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار تھی ۔

دریائے کشن گنگا کے کنارے آباد وادی تلیل جو کہ شہر سرینگر سے تقریباً 150کلو میٹر دور واقع ہے، جہاں آج بھی لوگ بنیادی سہولیات ،سڑک ،بجلی اور روزگار سے محروم ہیں ۔

یہاں کے لوگ آج بھی پرانے طرز پر تعمیر کئے گئے لکڑی کے کوٹھوں میں اپنی زندگی گزر بسر کر رہے ہیں ۔اگر چہ شام ہوتے ہی گریز اور تلیل کے مختلف علاقوں کو چند گھنٹوں کیلئے مخصوص جنریٹر کے ذریعے سے بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے، لیکن پھر بھی ان لوگوں کی مشکلات کافی زیادہ ہیں ۔

تلیل تحصیل کا آخری گاﺅں ”بڑوآب “،ہر نائی ،کش پاٹ ،زیڈے ،جُرنیال کے نوجوانوں کا روزگار صرف کوچ کےساتھ جُڑا ہوا ہے، یہ پڑھے لکھے نوجوان 6مہینوں کیلئے آرمی کےساتھ پورٹر کے بطور کام کررہے ہیں اور سال کے باقی 6مہینے یہ لوگ گھروں میں بغیر کسی کام کے گزارہ کرتے ہیں ۔

یہ بات کہنا بے حد لازمی ہے کہ کشن گنگا پاور پروجیکٹ اگرچہ یہاں سے گزر رہے دریاﺅ کی بدولت تعمیر ہو چکا ہے، تاہم ان لوگوں کو ابھی تک مسلسل پاﺅر سپلائی دستیاب نہیں ہے، اب چونکہ وہاں موجود ڈیم کی وجہ سے اس وادی کی خوبصورتی میں اضافہ ہو چکا ہے جس وجہ سے یہاں مقامی اور بیرونی سیلانیوں کا آنا جانا رہتا ہے ،جو کہ روزگار کی سبیل بہت سارے لوگوں کیلئے بن چکا ہے ۔

تاہم6ماہ مسلسل بانڈی پورہ ۔گریز سڑک بند رہنے سے یہ سیاحتی سلسلہ بھی متاثر رہتا ہے ۔سرکار نے اس حوالے سے اگرچہ بانڈے پورہ گریز کیلئے ایک مخصوص ٹنل تعمیر کرنے کا منصوبہ ترتیب دیا تھا، تاہم ابھی تک عملی طور اس پر بھی کوئی کام شروع نہیں ہوا ہے ۔

جہاں سرکار جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے زبردست کوشاں ہے، وہاں انہیں گریز ،تلیل اور ان جیسے اُن دور دراز علاقوں کی جانب بھی خصوصی توجہ دینے کی بے حد ضرورت ہے تاکہ یہاں کے لوگ بھی آرام سے اپنی زندگی گذار سکیں جو موجودہ سرکار کا بنیادی منشور ہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img