سری نگر:سیکرٹری محکمہ قبائلی امور اورضلع شوپیاں کے نوڈل آفیسر برائے ترقی ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے جل جیون مشن کے تحت مختلف سکیموںکی پیش رفت کا جائزہ لیا جس کا مقصد ہر گھر کو پائپ کنکشن سے پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے ضلع میں حاصل کی گئی پیش رفت اور سکیم کے تحت تمام گھرانوں میں گھریلو نلکے کے پانی کے کنکشن کو فعال بنانے کو یقینی بنانے کے لئے پروجیکٹوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔
میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ ضلع کے لئے مجموعی طورپر 61 پروجیکٹوں کی منظوری دی گئی ہے جن میں 59 پروجیکٹوں کی اِنتظامی منظور ی دی گئی ہے جبکہ 17 سکیموں کے لئے کام مختص کیا گیا ہے او رتمام سکیموں پر کام شروع کرنے کے لئے اقدامات جاری ہے جن کا مقصد ضلع میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے صد فیصد گھریلو کوریج کو یقینی بنانا ہے۔
ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے رُکاوٹوں کو دور کرنے، ٹینڈرنگ کے عمل کو مکمل کرنے، کاموں کی الاٹمنٹ اور کاموں کے عمل کو تیز کرنے پر ضلعی انتظامیہ شوپیاں کی تعریف کی۔ اُنہوں نے ایک فلیگ شپ پروگرام کے طور پر جل جیون مشن کی اہمیت پر زور دیا جس کا مقصد تمام دیہی گھرانوں کی کوریج کو یقینی بناناہے۔
میٹنگ میں محکمہ جل شکتی اور ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے اور سابق اِنجینئر جل شکتی محکمہ عرفان الاسلام نے مختلف سکیموں کی پیش رفت کے بارے جانکاری دی۔





