شوکت ساحل
آپ نے تو اپنے بچپن میں یہ کہاوت سُنی ہوگی کہ (Early to Bed Early to Rise) یعنی ’جلدی سونا اور جلدی اٹھنا‘۔دانشوروں نے اس کہا وت کی تشریح یا مزید خلاصہ اس طرح کیا ہے کہ جلدی سونے اور جلدی اٹھنے کی عادت آپ کو صحت مند، دولت مند اور عقل مند بناتی ہے ۔
صبح جلدی اٹھنا بہت سے لوگوں کے لیے ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے،لیکن آپ کو جلدی اٹھنے کی عادت ڈالنی چاہئے ۔
اگر آپ کو صبح کہیں جلدی نہیں بھی جانا تب بھی صبح جلدی اٹھنا چا ہئے کیوں کہ اس کے بے شمار فائدے ہیں اور تحقیق سے بھی یہ ثابت ہوا ہے ۔
ایک امریکی یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ طالب علم جو صبح جلدی اٹھتے ہیں ان کی تعلیمی کارکردگی ان طالب علموں سے بہتر ہوتی ہے جو دیر سے اٹھتے ہیں۔
وہ دوران لیکچر بھی زیادہ چاق و چوبند رہتے ہیں۔صبح جلدی اٹھنے سے آپ کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور آپ کام کے حوالے سے نئے تجربات کرسکتے ہیں۔
کامیاب افراد اس گر کو سمجھتے ہیں چنانچہ دنیا کی تمام کامیاب شخصیات میں صبح جلدی اٹھنے کی عادت مشترک ملے گی۔
سحر خیزی کی عادت سے چونکہ آپ کو زیادہ وقت ملتا ہے اور آپ اپنے کام بہتر طور پر انجام دے سکتے ہیں، لہٰذا سارا دن کوفت اور پریشانی سے بچے رہتے ہیں۔
مقررہ وقت پر کام ہونے سے آپ کو ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے اور یوں آپ کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
صبح جلدی اٹھنے سے آپ میں منفی خیالات کی نشونما کم ہوتی ہے اور اس کی جگہ مثبت خیالات لے لیتے ہیں۔
آپ کی زیادہ توجہ اپنی دن بھر کی مصروفیات اور تجربات پر ہوتی ہے لہٰذا آپ منفی سوچوں سے محفوط رہتے ہیں۔صبح بھرپور ناشتہ آپ کی کارکردگی، تخلیقی صلاحیت اور ذہنی نشونما میں اضافہ کرتا ہے لہٰذا ناشتہ کبھی نہ چھوڑیں۔ یہ اسی وقت ہوگا جب آپ جلدی اٹھیں گے اور آپ کے پاس ناشتے کا وقت ہوگا۔
بھرپور ناشتہ جسمانی صحت کے لیے بھی بے حد ضروری ہے اور آپ کو موٹاپے سے بچاتا ہے۔ ویسے بچپن سے ہمیں یہ بتایا جاتا ہے کہ صحت مند رہنا ہے اور کامیاب ہونا ہے تو صبح سویرے اٹھیں۔
صبح جلدی بستر چھوڑنے سے زیادہ کام ہوتے ہیں۔ تحقیق سے بھی یہ باتیں واضح طور صاف ہوجاتی ہیں کہ جلدی اٹھنے کے فوائد اَن گنت ہیں اور نقصان صفر۔دنیا کی بڑی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز اور مشہور شخصیات بھی ایسا کرتی ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سحر خیزی سے صحت اچھی کیساتھ ساتھ آپ خوش رہتے ہیں اور زندگی پر آپ کا کنٹرول رہتا ہے۔
لیکن بدقسمتی سے سمارٹ فون کے دور نے یہ عادت بھی ہم سے چھین لی ہے ۔ہم رات بھر سمارٹ فونز کا استعمال کرتے رہتے ہیں ۔
اس عادت کے نقصانات اَن گنت ہیں جیسے کہ آپ کی آنکھوں کی روشنی کمزور ہوسکتی ہے ۔بیشتر نوجوان یہ کہتے ہیں ،اُنہیں جلدی نیند نہ آنے کا مسئلہ ہے ،اس لئے وہ رات کے دوران سوشل میڈیا پر خود کو مصروف رکھنے کی کوششیں کرتے ہیں ۔
لیکن جلدی سونے کا یہ حل تونہیں ۔جلدی سونے کا حل اس میں ہے کہ آپ قرآن پاک کی تلاوت کریں یاکوئی کتاب پڑھیں ۔
(How To Sleep Well)کے موضوع پر تو کتاب بھی دستیاب ہے ۔یہ کتاب حال ہی میں کافی چرچے میں رہی ۔سوشل میڈیا پرایک تصویر خوب وائرل ہوئی اور بحث ِ موضوع بھی رہی ۔اس تصو یر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون کے ہاتھ میں (How To Sleep Well) کتاب تھی اور وہ سو رہی تھی ۔
ویسے بھی تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کتاب پڑھنے سے نیند جلدی آتی ہے ۔تو پھر کل سے آپ صبح جلدی اٹھ رہے ہیں نا ۔۔





