جمعہ, مئی ۹, ۲۰۲۵
17.5 C
Srinagar

جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہونے جارہی ہیں، مرکزحکومت یوٹی کی اور خصوصی توجہ مبذول کر رہی ہے : شہنواز حسین

سری نگر،22جولائی:ھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر لیڈر شہنواز حسین نے جمعے کے روز کہاکہ موجودہ حکومت جموں وکشمیر کی اور خصوصی توجہ مبذول کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے دبئی کے بڑے بڑے تاجروں نے حامی بھر لی ہے ۔
اُن کے مطابق کشمیر میں اسوقت سیاحتی سیزن جوبن پر ہے اور کسی بھی ہوٹل کا کمرا خالی نہیں لیکن یہاں کے سیاستدانوں کو یہ نظر ہی نہیں آرہا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں مودی کی سربراہی میں انتظامیہ بہتر ڈھنگ سے کام کر رہی ہیں۔
شہنواز حسین نے کہاکہ جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ پورے ملک کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک کے تاجر جموں وکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ یو اے ای انڈین بزنس کونسل سے جڑے عہدیدار جموں وکشمیر آئے اور یہاں پر سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں فوڈ پروسیسنگ ، ہیلتھ ، ہاٹی کلچر اور سیاحت میں بڑی تعداد میں سرمایہ کاری ہونے جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہ کہانیاں نہیں بلکہ حقیقت ہے اور ہزاروں کروڑ روپیہ پروجیکٹ پر کام بھی شروع ہو چکاہے۔
دبئی کے لولو گروپ کے بارے میں شہنواز حسین نے کہاکہ لولو گروپ دبئی میں پہلے نمبر کا بزنس مین ہے اور اُس نے بھی جموں وکشمیر میں بزنس یونٹ کھولنے کا فیصلہ کیا جس سے یہاں کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روز گار ملے گا۔
ایل جی منوج سنہا کے کام کاج کو سراہتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہاکہ وہ منجے ہوئے ایڈمنسٹریٹر ہے ۔
کشمیر میں موجودہ سیاحتی سیزن پر بات کرتے ہوئے شہنواز حسین نے کہاکہ اس وقت کشمیر میں کسی ہوٹل کا کمرا خالی نہیں سبھی ہوٹل بھرے پڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی سبھی ریاستوں کے لوگ یہاں قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کی خاطر آرہے ہیں لیکن مخالفین کو یہ سب کچھ نظر ہی نہیں آرہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مخالفین کو چاہئے کہ وہ سری نگر ائر پورٹ پر جاکر وہاں کی صورتحال دیکھیں پھر جاکے اُنہیں پتہ چلے گا کہ یومیہ کتنی بڑی تعداد میں سیاح وارد کشمیر ہو رہے ہیں۔
شہنواز حسین نے پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس کا نام لئے بغیر کہا کہ جن لوگوں نے ستر سال تک یہاں حکومت کی انہوں نے لوگوں کو کچھ نہیں دیا اور آج یہی لوگ ذہنی کوفت کا شکارہ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ان سیاستدانوں نے جموں وکشمیر کو بدنام کرنے کا کام کیا لیکن مودی جی کی سربراہی میں حکومت نے جموں وکشمیر کو سیاحوں کے لئے فیورٹ خط بنایا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ مودی جی نے جموں وکشمیر میں بجلی کا مسئلہ حل کیا اور آج لوگوں کو چوبیس گھنٹے برقی رو میسر ہے ، جموں وکشمیر میں ہر علاقے میں نئی سڑکیں بن رہی ہیں اور مرکزی حکومت جموں وکشمیر پر خصوصی توجہ مبذول کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جتنا مودی جی کو بنارس سے پیار ہے اس سے زیادہ کشمیر سے ہے۔
بی جے پی لیڈر کے مطابق جموں وکشمیر میں بہت جلد خاندانی راج ختم ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر بھارت کا تاج ہے اور اس کو مزید خوبصورت بنانے کی خاطر سرکار کام کر رہی ہیں۔
یو این آئی، ارشید بٹ

Popular Categories

spot_imgspot_img