جموں،7 جولائی : سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ جمعرات کی صبح زائد از ساڑھے پانچ ہزار یاتریوں پر مشتمل آٹھواں قافلہ یہاں بھگوتی نگر یاتری نواس سے جنوبی کشمیر میں واقع شری امر ناتھ جی پوتر گھپا کی طرف روانہ ہوا۔
سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی صبح بھگوتی نگر یاتری نواس سے 5 ہزار7 سو26 یاتریوں پرمشتمل آٹھواں قافلہ پوتر گھپا کی طرف رونہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں 4 ہزار3 سو 84 مرد، 1 ہزار1 سو 17خواتین، 57 بچے،143 سادھو،24 سادھویاں اور ایک خواجہ سرا شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ یاتری 242 گاڑیوں میں اپنے منزل کی طرف روانہ ہوئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 30 جون سے شروع ہونے والی سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران اب تک قریب 90 ہزار یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔
43 دنوں پر محیط یہ یاترا 11 اگست کو رکشا بندھن کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
یاترا کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے دیگر انتظامات کے علاوہ امسال سیکورٹی کا فقیدالمثال بندوبست کیا گیا ہے۔
یو این آئی