الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کیا20اضلاع کیلئے ضلعی انتخابی افسرانDEOs نامزد
سری نگر/جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات کرانے کی راہ ہموار کرنے کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سبھی20اضلاع کیلئے ضلعی انتخابی افسران ، الیکٹورل رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران کی تقرر ی عمل میں لائی ہے۔انتخابی فہرستوں پرنظرثانی ،پولنگ بوتھوںکی نشاندہی اوردیگرلوازمات مکمل ہونے کے بعدمرکزی زیرانتظام علاقہ جموں وکشمیرمیں رواں سال کے آخر یااگلے سال کے اوائل میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کاقوی امکان ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی طرف قدم بڑھنے کے ساتھ ہی، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کےلئے شیڈول کی نقاب کشائی سے قبل ضلعی انتخابی افسران ، الیکٹورل رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران کی تقرر ی عمل میں لائی ہے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں اور کشمیر یونین ٹیریٹری میں’عوامی نمائندگی ایکٹ،1950 کے تحت ضلعی انتخابی افسران،انتخابی رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران کی تقرری کیلئے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کئے ہیں۔ایک نوٹیفکیشن کے مطابق،جموں وکشمیر کے سبھی20اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ضلعی انتخابی افسران(DEOs) کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ کمیشن نے ان حلقوں کی بھی وضاحت کی ہے جن پر ضلعی انتخابی افسران(DEOs) دائرہ اختیار استعمال کریں گے۔ایک اور نوٹیفکیشن میں، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں و کشمیر کے 90 اسمبلی حلقوں کےلئے انتخابی رجسٹریشن افسران(EROs) کو تعینات کیا ہے۔مذکورہ کمیشن نے90 اسمبلی حلقوں کے اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران (AEROs) کی مدد کےلئے243 افسروں کو اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسر کے طور پر بھی مقرر کیا ہے۔ان میں سے 112 کو کشمیر ڈویژن کی 47 سیٹوں کےلئے اور 131 کو جموں صوبے کی 43 سیٹوں کےلئے بطور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران(AEROs) مقرر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سرینگر اور جموں کے کنٹونمنٹ علاقوں کےلئے2افسران کو بطور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران(AEROs) بھی تعینات کیا ہے۔ساتھ ہی مذکورہ کمیشن نے کشمیری تارکین وطن (مہاجرین)کیلئے بھی الگ سے تین افسروں کوبھی مقرر کیا ہے جو جموں و کشمیر کے 47 اسمبلی حلقوں کے اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران(AEROs) کی مدد کریں گے۔جیسا کہ پہلے ہی اطلاع دی گئی ہے، انتخابی فہرستوں کا مسودہ 31، اگست تک تیار ہو جائے گا، جس کے بعد ووٹر لسٹ کی نظرثانی کا کام کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات اس سال نومبر تا دسمبر یا اگلے سال مارچ سے اپریل میں ہو سکتے ہیں۔جموں و کشمیر میں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا کام شروع کئے جانے کے بیچ الیکشن کمیشن آف انڈیانے ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کے کام کےلئے عہدیداروں کی تقرری کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ حد بندی کے بعد پولنگ اسٹیشنوں کی دوبارہ سیریلائزیشن، میپنگ اور نام تبدیل کرنے کا کام 30 جون تک کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان دیہاتوں کے پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی، جن کےلئے نئے بوتھ بنانے کی ضرورت ہے۔ حد بندی کے بعد پہلے کے کچھ پولنگ سٹیشن ایک سے زیادہ نئے حلقوں کے تحت آ سکتے ہیں یا مکمل طور پر کسی دوسرے حلقے میں منتقل ہو سکتے ہیں۔بوتھ لیول افسران کی تقرری اور ان کی مناسب تربیت5 جولائی تک کی جائے گی۔ پولنگ بوتھوں کی تصدیق اورمعقولیت کاکام25 جولائی تک مکمل کیا جائے گا۔





