انتظامیہ میں عنقریب بھاری پھیر بدل متوقع

انتظامیہ میں عنقریب بھاری پھیر بدل متوقع

لیفٹیننٹ گو رنر کے مشیروں سے لیکر مختلف محکموں کے سربراہان تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ،نئے چہرے ہوں گے شامل

نیوز ڈیسک

سرینگر 16جون/ مرکزی حکومت نے ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر کی انتظامیہ میں بھاری پھیر بدل کرنے کا اصولی فیصلہ لیا ہے ۔اس فیصلے کے تحت آئندہ چند روز میں لیفٹیننٹ گور نر کے مشیروں سے لیکر مختلف محکموں کے سربراہان کو تبدیل کرکے نئے چہروں کو انتظامیہ میں شامل کیا جائے گا ۔ذرائع نے ایشین میل کو بتایا ہے کہ جموں وکشمیر میں بہتر انتظامیہ اور لوگوں تک پہنچنے کے لئے مرکزی حکومت نے ایک جامعہ منصوبہ ترتیب دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں جموں وکشمیر کی انتظامیہ اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ اس غیر معمولی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے اور ایک نئی جامعہ پالیسی اور حکمت ِ عملی کے تحت جموں وکشمیر (یوٹی ) کی انتظامیہ میں بھاری پھیر بدل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں انتظامیہ میں بھاری پھیر بدل کرکے انتظامیہ کی بھاگ ڈور نئے ہاتھوں میں سونپی جائے گی ،تاکہ بہتر اور عوام دوست انتظامیہ کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچایا جاسکے ۔ذرائع نے بتایا کہ سیول اور پولیس انتظامیہ میں تبادلے اورنئی تقرریاں عمل میں لائی جائیں گی اور آئندہ دنوں میں اس بھاری پھیر بدل کو زمینی سطح پر عملا یا جائے گا ۔ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے موجودہ لیفٹیننٹ گو رنر،منوج سنہا کے سبھی مشیروں کو تبدیل کیا جائے گا اور موجودہ مشیروں کی جگہ نئے مشیر تعینات کئے جائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس کے علاوہ مختلف محکموں کے سربراہان کے تبادلے اور تقرریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی ۔ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کے غیر معمولی فیصلے کے تحت نئی کارپوریشنز تشکیل دی جائیں گی اور موجودہ کارپوریشنز کے سربراہان کوبھی تبدیل کرکے نئی تقرریاں عمل میں لائی جائیں گی جبکہ جو کارپوریشن بغیر سربراہان ہیں ،میں بھی سربراہان کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ذرائع نے بتایا کہ مر کز کے غیر معمولی فیصلے کے تحت کارپوریشن کے نئے سربراہان کے عہدے اور قلمدان جن ہاتھوں میں سونپے جائیں گے ،اُن کے پاس وزیر مملکت( ایم او ایس ) کے اختیارات ہوں گے یعنی وہ وزیر مملکت کے عہدے کے مترادف اپنی خدمات انجام دیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ’ آﺅٹ ریچ پروگرام‘ کے تحت عوام تک پہنچنے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے اور انتظامیہ کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے کئی نئے پروگرام بھی عملائے جائیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ آﺅٹ ریچ پروگرام کے تحت نئی کار پوریشن تشکیل دی جائیں گی جبکہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی انتظامیہ کو مزید متحرک اور فعال بنانے کے لئے کئی اہم فیصلے لینے جارہی ہے اور اولین ترجیح میں انتظامیہ میں بھاری پھیر بدل ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.