بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

بھدرواہ قصبے میں مسلسل پانچویں روز بھی کرفیو نافذ رہا، دوسرا کلیدی ملزم بھی گرفتار

جموں،13جون : بھدرواہ قصبے میں مسلسل پانچویں روز بھی کرفیو کا نفاذ،پولیس نے دوسرے کلیدی ملزم کی بھی گرفتاری عمل میں لائی۔

جموں وکشمیر کے بھدرواہ قصبے میں مسلسل پانچویں روز بھی کرفیو نافذ رہا تاہم ضلع رام بن میں موبائیل انٹرنیٹ خدما ت کو چار روز کے بعد بحال کیا گیا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ بھدرواہ قصبے میں پیر کو پانچویں روز بھی سخت کرفیو نافذ رہا ۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے بعض علاقوں میں بھی دفعہ 144سختی کے ساتھ نافذ رہا تاہم اس دوران امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبا کو سینٹروں تک جانے کی اجازت دی گئی۔
محکمہ ایجوکیشن کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کے ایڈمٹ کارڈ کرفیو پاس تصور کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس نے دوسرے کلیدی ملزم کو بھی گرفتار کیا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا رہا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلع رام بن میں چار روز کے بعد انٹرنیٹ خدمات کو بحال کیا گیا تاہم ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ پانچویں روز بھی منقطع رہا جس وجہ سے طلبا کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کے روز بھی پولیس نے لاوڈ سپیکروں کے ذریعے اعلانات کئے کہ بھدرواہ قصبے میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے لہذا لو گ گھروں میں ہی رہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مسلسل پانچ روز سے بھدرواہ میں سخت کرفیو کے نفاذ سے لوگوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔
اُن کے مطابق انتظامیہ اور پولیس کے سینئر آفیسران دو فرقوں سے وابستہ ذی عزت شہریوں کے ساتھ میٹنگیں کر رہے ہیں تاکہ حالات کو دوبارہ معمول پر لایا جاسکے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بھدرواہ قصبے میں دن بھر حالات پُر امن رہے اور کسی بھی جگہ سے ناخوشگوار واقع رونما ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img