سرینگر :لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج جہلم اور توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ ( جے ٹی ایف آر پی ) کے 9 پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جو عالمی بینک کی مالی اعانت سے چل رہا ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے اس موقع پر جموں و کشمیر کیلئے اپ گریڈ شدہ بلڈنگ کوڈز کی بھی نقاب کشائی کی ۔ پروجیکٹوں کو جے اینڈ کے اکنامک ری کنسٹرکشن ایجنسی ( جے اینڈ کے ای آر اے ) نے انجام دیا تھا ۔
اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے کہا ” یہ ہمارا عزم ہے کہ بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے جدید بنایا جائے اور لوگوں کیلئے زندگی کی آسانی کو یقینی بنایا جائے ۔ “
جے ٹی ایف آر پی کے کئی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے جو برسوں سے رُکے ہوئے تھے ، مکمل ہو چکے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یہ دور دراز علاقوں کی تیزی سے توسیع اور جدید کاری ، دیہی صحت کی دیکھ بھال کو مضبوط بنانے اور ہنگامی خدمات کے محکمے کو موثر ردِ عمل کیلئے فعال کرنے کی راہ ہموار کرے گا ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ عام لوگوں کو عوامی منصوبوں کے ثمرات سے محروم رکھنا جرم ہے ۔ ترقیاتی کاموں کے ثمرات ہر شہری تک پہنچنے چاہئیں اور دستیاب وسائل اور فنڈز کو لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے استعمال کیا جانا چاہئیے ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ سسٹم کو مضبوط بناتے ہوئے نئے پروجیکٹ لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کریں گے ۔
لفٹینٹ گورنر نے جے اینڈ کے ای آر اے اور جے ٹی ایف آر پی کو ہدایت دی کہ وہ 2014 کے سیلاب کے دوران تباہ شدہ پلوں اور سڑکوں کی نشاندہی کریں اور ان کی اپ گریڈیشن اور تعمیراتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کریں ۔
لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ ماہرین کو ایک تفصیلی مطالعہ کرنے ، ضروری مداخلت کرنے اور دریائے جہلم اور توی کیلئے تباہی کے خطرے کو کم کرنے کا ایک مضبوط طریقہ کار تیارکرنے کیلئے تعینات کیا جانا چاہئیے ۔
جے ٹی ایف آر پی کے کام کاج کا جائیزہ لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر کو بتایا گیا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران ورلڈ بینک کی مالی اعانت سے جے ٹی ایف آر پی کے تحت 428.79 کروڑ روپے کی لاگت کے کل 213 ذیلی منصوبوں میں سے 132 ذیلی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی 81 پروجیکٹوں پر عملدرآمد آخری مرحلے میں ہے ۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جے اینڈ کے ای آر اے اور جے ٹی ایف آر پی کو نئے پروجیکٹوں کیلئے مبارکباد دیتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے مکمل شدہ پروجیکٹوں کا ایک مجموعہ مرتب کریں جس میں کئے گئے کام کو نمایاں کیا جائے ۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مزید کہا کہ وہ مستقبل کا ایک جامع لائحہ عمل تیار کریں اور اس کے موثر نفاذ کیلئے مشن یوتھ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر تربیتی پروگرام منعقد کرنے کیلئے کام کریں ۔
ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ چیف ایگزیکٹو آفیسر جے کے ای آر اے /جے ٹی ایف آر پی نے لفٹینٹ گورنر کو 137.35 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کے بارے میں بتایا جن کا آج افتتاح کیا گیا ۔
اس موقع پر جے اینڈ کے ای آر اے اور جے ٹی ایف آر پی کے مختلف ونگز کے ڈائریکٹرز ڈاکٹر میناکشی ٹھاکر ۔ مسٹر افتخار اے حکیم ، مسٹر جاوید اقبال بخاری ، مسٹر افتخار احمد وانی ، مسٹر اجے کمار راجو ، مسٹر تصوف امین کے علاوہ کنسلٹنٹس ، پروجیکٹ منیجر اور متعلقہ ایجنسیوں کے دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔





