جموں،4 جون : جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں ایک مسافر بردار گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک شخص کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دس دیگر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کے روز ساڑھے تین بجے کے قریب ایک ٹاٹا سومو براری نالہ ساوجیا کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس وجہ سے اُس میں سوار گیارہ افراد خون میں لت پت ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں اور پولیس نے فوری طور پرریسکیو آپریشن شروع کیا اورزخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے ایک مسافر کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت محمد صادق ولد علی بھدور ساکن گگڑیا کے بطور ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے زخمیوں کی پہچان محمد ابراہیم، غلام رسول، شہبانہ ، سجاد احمد ، ذیشان احمد، منیرہ بیگم، عبدالاھد ، صربہ بیگم ، حبیب ا للہ اور لیاقت کے بطور کی ہے اور سبھی گگڑیا کے ساکن ہیں۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔
یو این آئی





