خبروں کے مطابق مرکز کی عوامی رابطہ مہم کا تیسرا مرحلہ آئندہ چند روز میں شروع ہونے والا ہے اور اس حوالے سے یہ خبریں منظر عام پر آچکی ہیں کہ وزیر دفاع ،وزیر داخلہ اور کابینہ کے دیگر وزراءجموں وشمیر آسکتے ہیں ۔آنے دوآنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے ۔
فر ق تب پڑجائے گا جب یہ حکمران عام لوگوں کےساتھ گل مل جائیں گے اور اُن کی بنیادی ضروریات وخواہشات سے واقف ہوںگے ۔یہ لیڈر حضرات آتے ہیں اور یہاں کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملتے ہیں اُن سے صلاح ومشورہ کرتے ہیں اور امن وخوشحالی قائم کرنے کیلئے اُن سے رائے طلب کرتے ہیں ۔
آج تک دیکھا گیا ہے کہ عام لوگوں کی بات ہرگز دہلی والوں تک صحیح تناظر میں نہیں پہنچائی گئی ۔غالباً اسی لئے نزدیکیوں کی بجائے دوریاں بڑھتی جارہی ہےں کیونکہ کوئی بھی درمیانہ دارہرگز یہ نہیں چاہتا ہے کہ اُسکی درمیانہ داری کا خاتمہ ہو ۔
لہٰذا دونوں فریقوں کو الگ الگ طریقے سے سنبھال کر اپنا مطلب نکالتا ہے ۔یہاں کے اعلیٰ افسران اپنی سوچ وفکر کے مطابق مرکز کو آگاہ کرتے ہیں اور عام لوگوں کو اپنے انداز میں اُن سے باج وصول کر لیتے ہیں ۔جہلم کے کنارے بیٹھے محبوب اور فردوس اسی خبر پر تبصرہ کرتے تھے اور کہتے تھے کاش یہ مرکزی لیڈران عا م لوگوں سے براہ راست ملتے تاکہ سچائی کا پتہ لگ سکے ،لوگ کس قدر خوش اور نالاں ہیں ۔
آخر ماجرہ کیا ہے ؟
ملک کے اعلیٰ ترین سیول سروسز امتحان میں جموں کے لگ بھگ ایک درجن بچوں نے بازی مارکر اس خطے کا نام روشن کیا ۔واقعی ان بچوں کے والدین اور دوست واحباب مبارک بادی کے مستحق ہیں ،کیونکہ کل کی تاریخ میں یہی لوگ وطن کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوں گے او ر وہ اپنے لوگوں کی خدمت کر سکتے ہیں ۔
یہاں یہ بات کہنا بھی بے حد ضروری ہے کہ اس باروادی کا کوئی طالب علم اس خصوصی امتحان میں کامیاب نہ ہو سکا ،آخر ماجرہ کیا ہے ؟کہا جارہا ہے کہ وادی کے نوجوان بڑے قابل اور ذہین ہیں، مگر اس بار اُن کی قابلیت اور ذہانیت پر کون سی بجلی گر آئی ،معلوم نہیں ۔
ہتھیار چلانے میں ماہر ،پتھر بازی میں ماہر ،تعلیم وتربیت میں ماہر ،انسانیت اور انصاف پر یقین رکھنے والے یہاں کے نوجوان نہ جانے کن مصائب ومشکلات کے بھنور میں خود کو پھنسا نا چاہتے ہیں؟
کیوں وہ اپنی عقل سے کام نہ لیکر دوسروں کے اشاروں پر چلنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔جہاں کھیلوں کی دنیا میں یہاں کے نوجوان قابل قدر مقام حاصل کررہے ہیں ،وہیں تعلیم وتربیت میں انہیں پیچھے نہیں رہنا چاہیے ۔





