راج بھون میں انسدادِ دہشت گردی کا دن منایا گیا

راج بھون میں انسدادِ دہشت گردی کا دن منایا گیا

دہشت گردی امن اور خوشحالی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ لفٹینٹ گورنر

سرینگر:لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج یہاں راج بھون میں یومِ انسداد دہشت گردی کے موقع پر سینئر عہدیداروں ، ڈی سی اور ایس ایس پیز کو انسداد دہشت گردی کا عہد دلایا ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا ” دہشت گردی امن اور خوشحالی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ آئیے دہشت گردی اور اس کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کا عزم کریں ۔ میں امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی قوتوں کو شکست دینے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہوں ۔ “
لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا ” کسی کو بھی جموں کشمیر میں گڑ بڑ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ہمیں دہشت گردی کی سرگرمیوں اور سرحد پار سے کئے جانے والے پروپیگنڈے کو ختم کرنے کی اپنی کوششوں میں شامل ہونا چاہئیے ۔

معاشرے ، خاص طور پر نوجوانوں کو ان تنظیموں اور افراد کو تنہا کرنے کیلئے سرگرمی سے کام کرنا چاہئیے جو انسانیت کے دشمن کو پناہ اور مدد فراہم کرتے ہیں ۔ “
لفٹینٹ گورنر نے ملک کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا ۔
یہ دن ملک میں لوگوں کے تمام طبقوں میں دہشت گردی اور تشدد کے خطرے اور عوام ، معاشرے اور پورے ملک پر اس کے اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے منایا جاتا ہے ۔
عہد کا متن حسب ذیل ہے ۔
ہم ہندوستان کے لوگ اپنے ملک کی عدم تشدد اور رواداری کی روائت پر پختہ یقین رکھتے ہوئے ، اپنی طاقت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کا مقابلہ کرنے کا پختہ عزم کرتے ہیں ۔
ہم تمام ساتھی انسانوں کے درمیان امن ، سماجی ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کو برقرار رکھنے اور فروغ دینے کا عہد کرتے ہیں اور انسانی جانوں اور اقدار کو خطرے میں ڈالنے والی خلل ڈالنے والی قوتوں سے لڑتے ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.