پیر, جولائی ۷, ۲۰۲۵
21.3 C
Srinagar

لیفٹیننٹ گورنر کا اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نیشنل اکیڈیما ۔ اِنڈسٹریل کنکلیوسے خطاب

اونتی پورہ ،پلوامہ:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( آئی یو ایس ٹی ) میں نیشنل اکیڈمیا ۔ اِنڈسٹریل کنکلیو سے خطاب کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دورے کے دوران کیمپس میں کئی اہم بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا اِفتتاح کیا جن میں سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹر پرینیور شپ ڈیولپمنٹ ( سی آئی اِی ڈی ) ، فوڈ ٹیکنالوجی بلاک ، ایس ایس ایم میموریل کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی اور فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے آئی یو ایس ٹی اور اِنڈسٹری ایسو سی ایشنز ، کاروباری اِداروں ، اِداروں اور حکومت کے درمیان متعدد مفاہمت ناموں پر دستخط کی بھی صدارت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں کنکلیو کواکادمی اور صنعت کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کے لئے ایک پہل قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ شراکت داروں کے ساتھ تعاون جموںوکشمیر یوٹی میں اختراع کے فروغ کے لئے ایک قابل ماحول بنانے میں مدد کر ے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ایک مضبوط تعلیمی ۔ صنعتی تعاون نجی اور سرکاری شعبے میں ایک بامعنی تبدیلی لائے گا ۔ اِس کے علاوہ جدت طرازی کو فروغ دینے ،ضروریات کو پورا کرنے کے لئے نئے علم کی تعمیر ،آئی اِی سی کے نئے ماڈل پر کام کرنے کا موقعہ فراہم کرے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سٹارٹ اَپس کو معاشی ترقی کے لئے حقیقی گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت شاندار خیالات اور حل کے لئے انکیو بیشن اور سیڈ فنڈنگ سپورٹ فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔
اُنہوں نے کہا،” ہمارا مقصد جموں و کشمیر میں اختراعات اور سٹارٹ اپس کو فروغ دینے کے لئے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کی تعمیر کرنا ہے اور صنعتی اور تعلیمی اِداروں کے درمیان ہم آہنگی نوجوان اختراع کاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بااِختیار بنائے گی اور سٹارٹ اپس میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دے گی۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام شراکت داروں سے کہا کہ وہ نوجوان صنعت کاروں کی حوصلہ اَفزائی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے سستی ، اِختراعی مصنوعات کی پائیداری ، اِنڈسٹری انوویشن کلسٹروں کی تشکیل پر توجہ دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ہندوستان کے سٹارٹ اَپس عالمی مارکیٹ میں اَپنی جگہ بنار ہے ہیں ۔ اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ ہندوستان اَب امریکہ اور چین کے بعد اختراعات اور سٹارٹ اَپس کے لحاظ سے دُنیا میں تیسرے نمبرپر ہے۔
اُنہوں نے صنعت اور تعلیمی اِداروں جیسے آئی یوایس ٹی ، کشمیر یونیورسٹی ، جموں یونیورسٹی ، این آئی ٹی ، آئی آئی ٹی کو اِختراع کے کلچر کی حوصلہ اَفزائی کرنے اور اُبھرتے ہوئے اِختراع کاروں اور محققین کو اِدارہ جاتی ہینڈ ہولڈنگ فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تعلیمی ۔ صنعتی تعاون اور سی آئی اِی ڈی جیسے اِقدامات جدت کو فروغ دینے اور مارکیٹ کے ربط کو یقینی بنانے کا موقعہ فراہم کریں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے اَثرات جلد ہی دیگر شعبوں میں بھی نظر آئیں گے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ،” میں نوجوان اختراع کاروں کو یقین دِلاتا ہوں کہ اگر آپ کے آئیڈیا میں صلاحیت ہے تو حکومت آپ کے آئیڈیاز کو انٹرپرینیورشپ وینچروں میں تبدیل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی( آئی یو ایس ٹی ) کو نئے سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹر پرینیور شپ ڈیولپمنٹ ( سی آئی اِی ڈی ) کے لئے بھی مبارک باد دی جس کا مقصد خواتین کاروباریوں پر اوّلین توجہ کے ساتھ نوجوانوں میں اختراع ، انکیو بیشن ، انٹر پرینیور شپ کو تیز کرنا ہے۔
اُنہوں نے صنعت اور اکیڈمیا کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ نئے آئیڈیاز کی حوصلہ اَفزائی اور انعام کے لئے سالانہ وائس چانسلرز انوویشن چیلنج شروع کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کمبائنڈ مسابقتی امتحان (جے کے سی سی ای) کے لئے عمر کی حد میں رعایت کے حالیہ فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لوگوں بالخصوص جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی ضروریات اور اُمنگوں کے تئیں حساس ہے۔تقریباً 16 سٹارٹ اَپس کو دوبرس کی مدت کے لئے 5 لاکھ روپے کی سیڈ کیپٹل فنڈنگ فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ مقامی فوڈ مینوفیکچرنگ، سروس اور ایگرو انڈسٹریل یونٹوں کے لئے تربیت اور ترقی کے پروگرام شروع کئے گئے۔بتایا گیا کہ جموںوکشمیر یوٹی کے زائد اَز 125 صنعتی یونٹس فوڈ ٹیکنالوجی کی تربیت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، اُبھرتے ہوئے کاروباری افراد کے لئے لیڈر شپ ترقی میں حصہ لے رہے ہیں۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اِنوویٹروں سے بھی بات چیت کی جنہوں نے انہیں سی آئی اِی ڈی ، آئی یو ایس ٹی کے زیر اہتمام تیار کئے گئے اَپنے سٹارٹ اَپس کے بارے میں بتایا۔ اُنہوں نے سٹارٹ اَپس کو منظور ی نامے بھی سونپے اور آئی یو ایس ٹی کا نیوز لیٹر بھی جاری کیا۔
تقریب میں سی آئی اِی ڈی سٹارٹ اَپ ایجادات پر ایک دستاویزی فلم بھی دِکھا ئی گئی ۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے اَپنے خیالات کا اِظہا رکرتے ہوئے آئی یو ایس ٹی کے طلباء، فیکلٹی اور اِنتظامیہ کو اِختراعات کے ایک ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے لئے اس کی کوششوں کے لئے مبارک باد دی۔اُنہوں نے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لئے کورس کنکشن میکانزم کو لاگو کرتے ہوئے فیڈ بیک میکانزم ، نتیجہ پر مبنی اپروچ پر زور دیا۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کما ر مہتا نے طلباءسے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ اِختراعات کا مقصد معاشرے کی ضروریات کو نئے اور آسان طریقوں سے پورا کرنا ہو نا چاہیے ۔ اُنہوں نے طلباءاور اختراع کاروں پر زور دیا کہ وہ ایجادات کے دائرہ کار اور پیمانے کو تلاش کریں جو لوگوں کو فائدہ پہنچا سکے۔

اِس موقعہ پر پدم شری پروفیسر انیل گپتا ، بانی جی آئی اے این نے خطاب کرتے ہوئے دو روزہ قومی سطح کے اکیڈمیا ۔ اِنڈسٹری کنکلیو کے اِنعقاد کے لئے آئی یو ایس تی کی تعریف کی ۔اُنہوں نے کم اِستعمال شدہ وسائل کی نشاندہی کرنے پر زور دیا اور کھلی اختراعات کو فروغ دینے کی اہمیت اور ضرورت کی وضاحت کی جو سب کے لئے قابل رسائی ہیں۔
وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر طلعت احمد نے بھی اِس موقعہ پر خطاب کیا اور کنکلیو کے لئے مبارک باد پیش کی ۔اُنہوں نے کہا کہ تکنیکی اور تربیتی سیشن طلباءکے لئے نئی مہارتیں سیکھنے اور ان کے علم میں اضافے کے لئے اِنتہائی مفید ثابت ہوں گے۔
وائس چانسلر آئی یو ایس ٹی پروفیسر شکیل احمد رامشو نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کرتے ہوئے دو روزہ قومی سطح کے کنکلیو کے مقصد پر بات کی ۔اُنہوں نے یونیورسٹی کی حصولیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
کنکلیو میں پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم روہت کنسل ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، آئی جی پی کشمیر وِجے کمار ، سابق وائس چانسلر شیخ پرویز احمد میر ، ڈائریکٹر سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینیور شپ ڈیولپمنٹ ( سی آئی اِی ڈی ) ، آئی یو ایس ٹی اِنڈسٹری کونسل کے ممبران ، سٹارٹ اپ انٹرپرینیورز ، انوویٹروں کے علاوہ سینئر اَفسران ، صنعت کے معزز شرکا¿ ، پرنسپلوں ، ڈینز ، سربراہان ، محققین ، سکالروں ، طلباءاور آئی یو ایس ٹی کے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img