سرینگر:آل پارٹیز سکھ کوارڈینیشن کمیٹی ( اے پی ایس سی سی ) نے اس کے چئیر مین ایس جگموہن سنگھ رینا کی قیادت میں آج یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔
وفد کے ارکان نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں سکھ برادری کے مختلف مسائل بالخصوص یو ٹی میں پنجابی زبان کے فروغ ، کالجوں اور اسکولوں میں پنجابی زبان کے اساتذہ کی آسامیوں کو پُر کرنے کے علاوہ قانون ساز اسمبلی میں نمائندگی کیلئے کمیونٹی کے مطالبات کو اجاگر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے وفد کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو ہمدردانہ بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوٹی حکومت تمام خطوں کے لوگوں کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے سماج کے تمام طبقات کے مفادات کے تحفظ کیلئے مسلسل کام کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔
بعد ازاں نیشنل فشریز ڈیولپمنٹ بورڈ کے سابق گورننگ باڈی ممبر شری امیش پوچپن کی قیادت میں ایک وفد نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کے فشریز سیکٹر سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
مسٹر ظہور احمد ڈار ، بھارتیہ جے کے ایل مچھوارہ سمودائے کواپریٹو لمٹیڈ کے چئیر مین اور مسٹر عارف احمد ڈار بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ۔
وفد نے کواپریٹو کے مستقبل کے منصوبے اور پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا جسے حال ہی میں مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں ماہی گیری کے شعبے کی ترقی اور ماہی گیروں کی ترقی کیلئے منظور کیا تھا ۔
لفٹینٹ گورنر نے وفد کے اراکین کو بھارتیہ جے کے ایل مچھوارہ سمودائے کواپریٹو لمٹیڈ کے افتتاح کیلئے مبارکباد دی ۔ انہوں نے اس منفرد کواپریٹو سیٹ اپ کی ترقی کیلئے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔





