سری نگر، : کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے سرکاری نوکریاں فراہم کرنے کے بہانے لوگوں سے دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں ایک سابق پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ مقدمہ کرائم برانچ کو موصول ہونے والی ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا جس میں شکایت کنندگان نے الزام لگایا کہ ملزم جو پولیس کا ایک سابق ملازم ہے، نے سرکاری ملازمت دلانے کے وعدے پر تقریباً 23 لاکھ کی رقم دھوکہ دہی سے وصول کی۔
انہوں نے کہا کہ شکایت کنندگان نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم نے جعلی تقرری احکامات بھی جاری کئے اور جعلی دستاویزات بھی فراہم کیں جن میں فرضی شناختی کارڈ، لائسنس، تقرری خطوط اور من گھڑت پولیس و سی آئی ڈی ویریفکیشن رپورٹس شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد کرائم برانچ کی جانب سے ابتدائی جانچ شروع کی گئی۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ انکوائری کے دوران الزامات بادی النظر میں درست پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے منظم طریقے سے سرکاری ملازمت کا جھوٹا یقین دلا کر شکایت کنندگان کی محنت کی کمائی لوٹی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئےتعزیرات ہند (آر پی سی) کی دفعات 420،467،468، اور 471 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کی گئی۔





