سانبہ ٹنل :سالانہ شری امرناتھ یاترا میں رخنہ ڈالنے کے لئے ملی ٹینٹ اس ٹنل کا استعمال کرسکتے تھے: آئی جی بی ایس ایف

سانبہ ٹنل :سالانہ شری امرناتھ یاترا میں رخنہ ڈالنے کے لئے ملی ٹینٹ اس ٹنل کا استعمال کرسکتے تھے: آئی جی بی ایس ایف
جموں،05 مئی: بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد پر150 فٹ طویل ایک سرنگ کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔

آئی جی بی ایس ایف نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے سالانہ شری امر ناتھ یاترا میں رخنہ ڈالنے کے لئے درانداز اس ٹنل کا استعمال کر سکتے تھے۔
جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران آئی جی بی ایس ایف ”ڈی کے بورا “ نے کہاکہ سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے پاس بارڈر آوٹ پوسٹ کے چیک فکیرہ کے مقام پر زیر زمین ٹنل کا سراغ لگا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بارڈر سیکورٹی فورسز نے ایک خصوصی گشت کے دوران اس مقام پر ایک گڑھا پا اور تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ یہاں پر ایک ٹنل کھودی گئی ہے۔
اُن کے مطابق ٹنل لگ بھگ ایک سو پچاس میٹرلمبی اور اس کا دہانہ لگ بھگ دو فٹ چوڑا ہے۔
آئی جی نے بتایا کہ ابھی تک ٹنل سے ریت کے دو درجن بیگ برآمد کئے گئے جو ٹنل کے دہانے کو مضبوطی فراہم کرنے کے لئے استعمال کئے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان جموں وکشمیر میں ایسی حرکتیں کرتا آیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو بھارتی حدود میں داخل کیا جاسکے اور وہ یہاں پر تخریبی کارروائیوں کو انجام دے سکے۔
اُن کے مطابق پچھلے ڈیڑھ سال کے دوران اس علاقے میں بی ایس ایف نے پانچ سرنگیں دریافت کیں ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ 2012 سے لے کر آج تک سرحد پر ایسے گیارہ ٹنل دریافت کئے گئے ہیں جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان بھارت میں ملی ٹینسی کی وارداتوں کو انجام دینے کی خاطر سازشیں رچا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹنل کھودنے کا مقصد پاکستان کی جانب سے ملی ٹینٹوں کو سرحد کے اس پار بھیجنے کے لئے راستہ فراہم کرنا ہے تاہم بارڈر سیکورٹی فورسز نے ٹنل کا بروقت پتہ لگاکر پاکستان کے عزائم کو ناکام بنایا ۔
جموں کے سنجوا میں مارے گئے دو فدائین اسی ٹنل سے بھارتی حدود میں داخل ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آئی جی بی ایس ایف نے بتایا کہ ایسا کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ اس بارے میں ابھی تک کوئی ثبت نہیں ملا ہے کہ وہ کس راستے یا کس جگہ سے جموں تک پہنچے تھے ۔
انہوں نے کہاکہ سنجوا حملے کی تحقیقات جاری ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے تب تک کچھ بھی نہیں کہہ سکتے ہیں۔
آئی جی بی ایس ایف نے بتایا کہ ٹنل کو دریافت کرنے کے بعد پورے جموں صوبے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ سرحدوں پر تعینات افواج کو بھی چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
اُن کے مطابق ہمیں مسلسل اطلاعات ہیں کہ پاکستان کی طرف سرحد کے متصل علاقوں میں جنگجو دراندازی کرنے کے لئے بیتاب ہیں تاہم وہاں تعینات فوج تمام کوششوں کا ناکام بنا رہی ہے ۔
اس سے قبل بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ: ‘سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر ایک سرنگ کا سراغ مل گیا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ سرنگ کا سراغ لگانے سے مستعد بی ایس ایف اہلکاروں نے پاکستان کی طرف سے جنگجووں کو اس طرف دھکیلنے کی کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرنگ کو چھپانے کے لئے اس کے دہانے پر ریت کے تھیلے لگائے گئے تھے۔
بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ بدھ کی شام کو مشتبہ سرنگ دریافت ہوئی اور جمعرات کی صبح کو بارڈر سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ٹنل دراندازی کو آسان راہداری فراہم کرنے کے لئے ہی کھودی گئی ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.