سری نگر،10 اپریل : مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری اپوروا چندرا کا کہنا ہے کہ امسال سالانہ شری امرناتھ یاترا جموں کشمیر کی تاریخ کی سب سے بڑی یاترا ہو گی۔
انہوں نے کہا اس سال چھ سے آٹھ لاکھ یاتریوں کی یاترا متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یاترا کو احسن طریقے سے انجام دینے کے لئے سیکورٹی اور دیگر تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال امر ناتھ یاترا جموں وکشمیر کی تاریخ کی سب سے بڑی یاترا ہوگی کیونکہ تقریباً چھ سے آٹھ لاکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔
اطلاعات و نشرعات کے سیکریٹری نے بتایا کہ پیر کے روز انتظامیہ کے آفیسران جن میں ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنرس شامل ہیں کے ساتھ ملاقات کی جس دوران ہمیں بتایا گیا کہ اس سال یہ ایک تاریخی یاتراہوگی اور اس کے لئے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ جہاں تک حفاظتی انتظامات کا تعلق ہے وادی کشمیر میں حالات معمول پر آئے ہیں اور یہ کہ اس سال کے تین ماہ کے دوران ریکارڈ توڈ سیاح وادی کی سیر وتفریح پر آئے ہیں۔
اُن کے مطابق وادی کے سبھی ہوٹلوں، ہاوس بوٹوں میں فل بکنگ ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں ۔
اپوروا چندرا نے کہاکہ جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے حال ہی میں کہ اکہ صرف چند ماہ کے دوران 80 لاکھ سیاحوں نے یوٹی کا دور کیا جو ایک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ توڑ اضافہ اس بات کی نشاندہی کر رہا ہے کہ واقعی میں حالات ٹھیک ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات و نشرعات نے جموں وکشمیر انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ امر ناتھ یاترا اور کشمیر کے خوبصورت مقامات پر ایک مختصر دستاویزی فلم تیار کرے تاکہ اس فلم کو پورے بھارت اور دیگر ممالک میں دکھایا جاسکے۔
دریں اثنا سالانہ امر ناتھ یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں نے بھی میٹنگوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر جموں سے پوترا گھپا تک سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں اور یاترا سے قبل ہی حساس علاقوں میں اضافی نفری کی تعیناتی کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید کہاکہ پہلگام اور بالہ تل میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ یاتریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر سری نگر جموں شاہراہ پر بھی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا جارہا ہے جبکہ یاترا گاڑیوں کے لئے بالہ تل اور پہلگام تک الگ سے حفاظتی عملے کے اہلکار تعینات رہیں گے۔
ذرائع نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے چالیس ہزا ر پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اوراس حوالے سے نئی دہلی میں بھی میٹنگیں ہو رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یاترا شروع ہونے سے قبل مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ یاترا کے حوالے سے سیول، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کریں گے جس دوران انہیں سیکورٹی کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے آگاہی فراہم کی جائے گی۔
یو این آئی