پیر, مئی ۱۲, ۲۰۲۵
25.9 C
Srinagar

شوپیاں تصادم : لشکر طیبہ سے وابستہ مقامی جنگجو ہلاک ، اسلحہ وگولہ بارود برآمد : پولیس

سری نگر،یکم اپریل: جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے ترکہ وانگام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم آرائی میں ایک مقامی جنگجو ہلاک ہوا ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے ترکہ وانگام گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد جمعرات کی شام کو 44 آر آر، 178 بٹالین سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس نے اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھادھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی۔
انہوں نے بتایا کہ حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
اُن کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں ایک مقامی جنگجو ہلاک ہوا ، جس کی بعد میں شناخت منیب احمد شیخ ولد شاہ محمد شیخ ساکن ٹاک محلہ شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہلوک جنگجو سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اورانہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھا جبکہ وہ عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تصادم کی جگہ ایک چینی پستول ، ایک میگزین اور پانچ راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے ،انہوں نے بتایا کہ برآمد کئے گئے قابل اعتراض مواد کو پولیس نے قانونی جانچ کے لیے روانہ کردیا ہے۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
دریں اثنا پولیس نےعوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صٓف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان ومال کی محافظ ہے، لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img